• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپین میں سیلاب سے ہلاکتیں بڑھ کر 100 ہوگئیں، متعدد افراد لاپتہ، والنسیا میں ایمرجنسی نافذ

ویلنسیا (جواد چیمہ/نیوزڈیسک) اسپین میں طوفانی بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 100تک پہنچ گئی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسپین کو دہائیوں بعد بدترین سیلابی صورتحال کا سامنا ہے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مشرقی صوبے والنسیا میں شدید بارشوں کی وجہ سے آنے والے سیلاب نے ناصرف نظام زندگی درہم برہم کر دیا بلکہ انفرا اسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچایا اور مختلف حادثات میں 95سے زائد قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں جبکہ صوبے میں ایمرجنسی نافذکردی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سیلاب کی وجہ سے متعدد سڑکیں اور پل بہہ گئے اور لوگوں کو اپنی جانیں بچانے کیلئے گھروں کی چھتوں کا استعمال کرنا پڑا، سیلابی ریلوں میں متعدد لوگ لاپتہ بھی ہو گئے جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔ سیلابی صورت حال کی وجہ سے اسپین کے وزیر اعظم پیدرو سانچیز نے 3روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے اور حکومت کی جانب سے مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے طوفان ڈی اے این اے (DANA)سے متاثرہ تمام لوگوں کے لیے ریاست کے تمام وسائل اور ’’اگر ضروری ہوا تو یورپی یونین‘‘ سے مدد لینے کا بھی وعدہ کیا۔ بلدیاتی ذرائع نے بتایا کہ ویلنسیا کے قصبے کولرا میں 26افراد اور 11جانوروں کو بچا لیا گیا ہے جو سیلاب میں پھنسے ہوئے تھے اور ان کی جانوں کو خطرہ تھا۔ سیکورٹی اور ہنگامی فورسز، میونسپل سروسز کے ساتھ مل کررات بھر لوگوں کو بچانے کے عمل میں مصروف رہیں۔ سٹی کونسل نے عوام سے کہا ہے کہ ’’انتہائی چوکس اور محتاط رہیں، اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں، اور کاریں دریا کے آس پاس سے ہٹا دیں‘‘۔ شہر سے باہر اور دیہی سڑکوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی نقل و حرکت سے گریز کیا جانا چاہئے اور یہ کہ میونسپلٹی میں DANA کی صورتحال کے بارے میں پہلے بتائی گئی ہدایات نافذ رہیں۔ دفاتر بند رہیں گے اور صرف ایمرجنسی کیسز کو لیا جائے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کاتالونیا کی جانب بڑھ رہا ہے، لیکن اس کی شدت کم ہے،ژالہ باری، تیز ہواؤں اور طوفان کا بھی امکان ہے۔ سٹی کونسل نے سمندر کی خراب حالت کے پیش نظر ہنگامی الرٹ فعال کر دیا ہے، 2.5میٹر سے زیادہ لہروں کی توقع ہے۔ساحلوں کے قریب جانے سے گریز کرنے کی سفارش کی جاتی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سے قبل 1973میں اسپین میں آنے والے سیلاب کی وجہ سے 150افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

یورپ سے سے مزید