راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) ذرائع کے مطابق رواں مالی سال میں تاحال زکوۃ فنڈ جاری نہ ہونے کے باعث اکتوبر میں سہ ماہی قسط مستحقین میں تقسیم نہیں ہوسکی جس کے باعث تعلیمی وظائف،علاج معالجے،ماہانہ مالی وظائف اور دیگر مستحقین مشکلات کا شکار ہیں۔ذرائع کے مطابق نومسلم ہونے والوں کو بھی وظیفہ دیا جاتا ہے۔فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث ان کو بھی ادائیگی نہیں ہوسکی۔میرج گرانٹ نہ ملنے کے باعث کئی شادیاں رکی ہوئی ہیں۔ذرائع کے مطابق مستحقین زکوۃ میں آخری تقسیم تقریبا ساڑھے چھ کروڑ روپے کے فنڈز کی ہوئی تھی۔سوا چھ ہزار مستحقین زکوۃ کو ماہانہ پندرہ سو روپے الاؤنس کیلئے تقریبا ساڑھے پانچ کروڑ روپے ،300کے قریب نابینا افراد کو دو ہزار روپے ماہانہ ادائیگی تقریبا36لاکھ روپے ، چھ نو مسلموں کو ایک لاکھ روپے فی کس الاؤنس کی ادائیگی اور دیگر کے علاوہ علاوہ علاج معالجے کیلئے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کو مریضوں کیلئے40لاکھ روپے کے فنڈز جاری ہوئے تھے۔