اسلام آباد (آئی این پی) اسلام آباد ڈیولپرز ایسوسی ایشن نے ایف بی آر کی جانب سے (آج) جمعہ سے نافذ العمل ہونے والےپراپرٹی ویلیوایشن ریٹس میں اضافہ پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رئیل اسٹیٹ انڈسٹری تقریبا 60 متعلقہ شعبوں کے لئے ایک محرک کا کام کرتی ہے۔ اس فیصلے کے ان شعبوں کے لئے بھی سنگین نتائج ہو سکتے ہیں۔ ایسوسی ایشن کے صدر اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے سابق صدر سردار یاسر الیاس خان نے فیڈرل بورڈ آف ریونیوکی جانب سے 56 شہروں میں پراپرٹی ویلیوایشن ریٹس میں اضافے کے حالیہ اعلان پر شدید تحفظات کا اظہار کیا جو یکم نومبر 2024 سے نافذ العمل ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ اس نظرثانی سے پاکستان کے رئیل اسٹیٹ کے منظر نامے پر نقصان دہ اثرات مرتب ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اہم فیصلوں کو نافذ کرنے سے پہلے کاروباری برادری کے ساتھ رابطے ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کو خبردار کرتے ہیں کہ ان پالیسیوں سے کاروباری اداروں کے لئے منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں جو پہلے سے نازک معاشی صورتحال کو غیر مستحکم کر سکتے ہیں۔موجودہ معاشی ماحول کے پیش نظر کاروباری شعبے میں رکاوٹوں سے بچنا ضروری ہے۔ انہون نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ پر پاکستان کی ٹیکس پالیسی نے منفی اثرات مرتب کئے ہیں۔