راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی راجہ فیصل رشید نے پاکستانی نژاد امریکی شہری وجیہہ فاروق سواتی کے اغوا و قتل کے مقدمہ میں سزاؤں کے خلاف اپیلوں کی از سر نو سماعت کے لئے 13 نومبر کی تاریخ مقرر کی ہے عدالت نے مدعی مقدمہ و سٹیٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جیل میں قید مقتولہ کے شوہر کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ضمانت پر رہا دیگر سزایافتگان کو بھی آئندہ تاریخ پر عدالت میں طلب کیا ہے، سزا پانے والے مقتولہ کے شوہر رضوان حبیب، سسر حریت اللہ اور ان کے ڈرائیور سلطان احمد نے ہائی کورٹ میں ماتحت عدالت کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ اس کیس میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کئے گئے لہذا عدالت ماتحت عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر اپیل کنندگان کی رہائی کا حکم جاری کرے، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی محمد افضل مجوکہ نے 12 نومبر 2022 کو مرکزی ملزم و مقتولہ کے شوہر رضوان حبیب کو جرم ثابت ہونے پر 3 مختلف دفعات کے تحت سزائے موت، مجموعی طور پر 17 سال قید اور 7 لاکھ روپے ہرجانے کی سزا سنائی تھی جبکہ مقتولہ کے سسر اور اس کے ڈرائیور کو سات سات سال قید اور ایک ایک لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا تھانہ مورگاہ پولیس نے وجیہہ سواتی کے اغوا و قتل کے الزام میں 2 نومبر 2021 کو مغویہ کے بیٹے عبداللہ مہدی کی درخواست پر مقدمہ درج کیا تھا۔