لاہور(آصف محمود بٹ) پنجاب میں پہلی مرتبہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری (ایس ایم ایز) سیکٹر میں سرمایہ کاروں کو بنکوں سے قرضوں میں سہولت کاری فراہم کرنے کیلئے پراجیکٹس کی پری کریڈٹ اپروول کروانے کا فیصلہ، ذرائع کے مطابق پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کمرشل بنکوں کو انگیج کرے گا، بنکوں سے ابتدائی طور پر1سے5ملین ڈالر اور پھر10ملین ڈالر تک قرضے کی منظوری پہلے ہی لے لی جائیگی، ذرائع کے مطابق اس حوالے سے پی بی آئی ٹی کے رواں ماہ ہونے والے بورڈ اجلاس میں مینڈیٹ لیا جائیگا۔ پی بی آئی ٹی کے چئیرمین منتہا اشرف نے جنگ سے گفتگو میں بتایا کہ ادارے کی معاشی ٹیم پراجیکٹس کیلئے بنکوں سے پہلے ہی قرض کی منظوری لیکر ان کی مارکیٹنگ کریگی، جب کوئی سرمایہ کار قرض لینے کیلئے بنک سے رابطہ کرے گا تو بنک کے پاس پراجیکٹ کے پہلے سے تمام اعداد و شمار اور فزیبلٹی موجود ہوگی، جس سے قرض لینے میں آسانی ہوگی، اس طرح چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو قائل کیا جاسکے گا کہ پراجیکٹ کیلئے پہلے ہی قرض منظور ہوچکا ہے، اس پر فوری کام شروع ہوسکتا ہے کیونکہ بنکوں کی طرف سے بسا اوقات پراجیکٹس پر قرض سے انکار بھی سرمایہ کاری میں بڑی رکاوٹ ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سرمایہ کاروں کیلئے75فیصد تک کام اب ان کا ادارہ کردیگا جو کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کی حکومتی پالیسی میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔