• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج پہلا ون ڈے، پاکستان کا فتح کے لیے پوری طاقت سے آسٹریلیا پر حملے کا اعلان

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ٹیسٹ فارمیٹ میں انگلش کرکٹ ٹیم کو زیر کرنے کے بعد وائٹ بال فارمیٹ میں پاکستان کو جیت کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے نئے ون ڈے کپتان محمد رضوان کو مشکل چیلنج کا سامنا ہے۔ عالمی چیمپئن آسٹریلیا اورپاکستان کا پہلا ون ڈے پیر کو میلبرن میں کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم ایک سال بعد ون ڈے انٹر نیشنل کھیل رہی ہے۔ پاکستان نے کینگروز پر پوری طاقت سے حملہ آور ہونے کیلئے چار فاسٹ بولروں شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ،حارث رؤف اور محمد حسنین کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے، نائب کپتان سلمان علی آغا اور صائم ایوب پارٹ ٹائم اسپنر ہوں گے، میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 8:30 بجے شروع ہوگا۔ قومی سلیکشن کمیٹی نے پہلے میچ کیلئے پلیئنگ کا اعلان کردیا ہے۔ بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی، محمد حسنین کی بھی واپسی ہوئی ہے جنہوں نے آخری بار جنوری 2023 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے میچ کھیلا تھا۔ صائم ایوب اور عرفان نیازی ون ڈے ڈیبیو کریں گے۔ محمد رضوان کا کہنا ہے کہ بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کی بہت پُرفارمنس رہی ہیں۔ ماضی میں جو کچھ ہوا اسے بھول کر آگے بڑھنا ہے، کھلاڑیوں پر برا وقت آتا ہے ، میں بھی انہیں جتنا سپورٹ ہوسکا کروں گا۔ پہلے ون ڈے میچ کیلئے ٹیم محمد رضوان (کپتان)، سلمان علی آغا (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، صائم ایوب، بابر اعظم، کامران غلام، محمد عرفان خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد حسنین پر مشتمل ہے۔ ادھر آسٹریلیا نے بھی گیارہ کھلاڑیوں کا اعلان کردیا ہے جس میں پیٹ کمنز (کپتان)، جیک فریزر میکگورک، میتھیو شارٹ، اسٹیو اسمتھ، جوش انگلیس، مارنس لیبوشین، آرون ہارڈی، گلین میکسویل، شان ایبٹ، مچل اسٹارک، ایڈم زمپا شامل ہیں۔ فخر زمان اور امام کے حوالے سے محمد رضوان نے کہا کہ دونوں کرکٹرز کی کارکردگی شاندار رہی ہے، فخر تیزی سے رنز کرتے ہیں ہمیں ان کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا میں پاکستان کا ون ڈے ریکارڈ خراب ہے ۔ پاکستان ٹیم کینگروز کو ان کی سر زمین پر صرف ایک ہی ون ڈے سیریز ہرا سکی ہے۔ دونوں ٹیموں نے 104 میچز کھیل رکھے ہیں جس میں آسٹریلیانے 70 اور پاکستان نے 34 جیتے ہیں ، ایک میچ ٹائی جبکہ 3 میچز بے نتیجہ رہے۔

اسپورٹس سے مزید