• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرڈ انٹرکنکشن اسٹڈیز کی منظوری میں تاخیر: آئیسکو پر 5 کروڑ روپے جرمانہ

  اسلام آباد(اسرار خان )نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) پر 50 ملین روپے کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ یہ جرمانہ گرڈ انٹرکنکشن اسٹڈیز کی منظوری میں تاخیر کی وجہ سے لگایا گیا، جس کے نتیجے میں قومی خزانے کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ نیپرا نے آئیسکو کو جاری کردہ شوکاز نوٹس کے فیصلے میں کہا کہ کمپنی نے ایکسس سولرپاور لمیٹڈ اور ایکسس الیکٹرک پاورلمیٹڈ کی جانب سے جمع کرائی گئی اسٹڈیز کی منظوری کے عمل میں تاخیر سے متعلق نوٹس کا مناسب جواب نہیں دیا۔نیپرا نے واضح کیا کہ اس کا فیصلہ آئیسکو کی جانب سے پیش کیے گئے دلائل اور نیپرا ایکٹ اور نیپرا (جرمانہ) ریگولیشنز 2021 کے متعلقہ قوانین کا مکمل جائزہ لینے کے بعد کیا گیا۔ ریگولیٹر نے یہ بھی کہا کہ پاور ایویکیوشن سرٹیفکیٹ (PEC) کے اجرا میں تاخیر سے دونوں کمپنیوں کو مالی نقصان پہنچا۔ نیپرا نے آئیسکو کو ہدایت کی کہ وہ آرڈر کے اجرا کے 15 دن کے اندر نیپرا کے مخصوص بینک میں جرمانہ جمع کرائے۔ اگر آئیسکو ایسا کرنے میں ناکام رہی تو نیپرا زمین کے ریونیو کے بقایاجات کے طور پر رقم کی وصولی یا دیگر قانونی اقدامات اٹھانے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔آئیسکو نے سماعت کے دوران نیپرا کے الزامات کو چیلنج کیا اور کہا کہ اس نے دونوں سولر پاور پلانٹس کی 11 کلو واٹ سطح پر انٹرکنکشن کی منظوری دی تھی اور تاخیر اس کی ذمہ داری نہیں تھی۔
اہم خبریں سے مزید