• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیفنس، حساس ادارے کے سابق اہلکار کو ڈاکوؤں نے قتل کردیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر )ڈیفنس میں بینک سے رقم لے کر نکلنے والے حساس ادارے کے سابق اہلکار کو ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے قتل کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق کلفٹن تھانے کی حدود ڈیفنس فیز فائیو توحید کمرشل ایریا 26 اسٹریٹ میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں مقتول کی شناخت 45 سالہ سعید ولد اللہ بخش کے نام سے ہوئی ۔ پولیس حکام کے مطابق واقعہ ڈکیتی مزاحمت کے دوران پیش آیا۔ مقتول نجی کمپنی میں بطور سیکورٹی گارڈ ملازمت کرتا تھا ۔ مقتول بینک سے رقم نکلوا کر اپنے ساتھی ملازم کے ہمراہ نکلا،وہ بینک کے قریب ہی پان کی دکان پر کھڑے ہوکر سگریٹ پی رہا تھاکہ دو موٹر سائیکل پر سوار چار مسلح ملزمان پہنچ گئے اور اسلحے کے زور پر ان سے رقم چھیننے کی کوشش کی جس پر سعید نے مزاحمت کی ، مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کی جس سے سعید شدید زخمی ہوگیا جبکہ اس کا دوست معجزانہ طور پر محفوظ رہا ۔ زخمی سیکورٹی گارڈ کو تشویشناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا ۔ پولیس کے مطابق ملزمان واردات کے دوران رقم نہیں چھین سکے اور رقم کو چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ مقتول ملزمان سے کافی دیر تک لڑتا رہا تاہم گولیاں لگنے سے وہ زخمی حالت میں نیچے گر گیا تو ملزمان فرار ہوگئے ۔پولیس نے بتایا کہ مقتول نجی کمپنی میں بطور سیکورٹی گارڈ تعینات تھا اور پاک آرمی ایس ایس جی سے ریٹائرڈ کمانڈو تھا ،پولیس اطراف میں لگے سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرکے شواہد اکھٹے کررہی ہے جبکہ سیکورٹی کمپنی کے افسران سے بھی مزید تفصیلات حاصل کررہی ہے ۔مقتول دو بچوں کا باپ تھا جبکہ اس کا آبائی تعلق ملتان سے بتایا جاتا ہے۔ایس ایس پی ساجد امیر سدوزئی کا کہنا تھا کہ حتمی طور سے واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا نہیں کہہ سکتا ۔ مقتول کے پاس اس کا پستول ، موٹر سائیکل اور بینک سے نکالی گئی پانچ لاکھ روپے کی رقم موجود ہے ۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی۔ مقتول کی لاش کو تدفین کے لئے آبائی گاؤں ملتان روانہ کردیا گیا ہے ۔
اہم خبریں سے مزید