• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بازی پلٹانے والی 7 ریاستوں میں ٹرمپ نے میدان مار لیا

کراچی (عاطف خان)بازی پلٹانے والی 7ریاستوں میں ٹرمپ نے میدان مار لیا ، ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا میں بازی پلٹانے والی 7ریاستوں میں سے 4میں کامیابی حاصل کرلی ، شمالی کیرولائنا، پینسلوینیا، جارجیا اور وسکونس کے حتمی نتائج کے مطابق ٹرمپ نے یہاں سے واضح کامیابی حاصل کرلی ہے جبکہ باقی تین ریاستوں ایریزونا، مشی گن اور نیواڈا میں بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنی حریف پر برتری حاصل ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق ریاست مشی گن میں مسلمان ووٹرز نے ٹرمپ کو ووٹ دیئے ، عرب اخبار کے مطابق مشر ق وسطیٰ میں جنگ روکنے کے وعدوں کے بعد ٹرمپ نے مسلمان ووٹرز کا اعتماد حاصل کیا ، مشی گن کے علاقے ڈئیر بورن جہاں امریکا کی سب سے زیادہ عرب آبادی ہے میں مسلمان ووٹرز نے ٹرمپ کو ووٹ دیئے ۔ امریکی نیوز ایجنسی کے مطابق مشی گن میں ٹرمپ کو 49.7فیصد کیساتھ برتری حاصل رہی جبکہ کملا ہیرس 48.3فیصد ووٹ ملے۔امریکی نیوز ایجنسی کے مطابق ریاست ایریزونا میں61فیصد ووٹوں کی گنتی ہوچکی تھی اور اس دوران ٹرمپ کو 51.9فیصد کیساتھ برتری حاصل ہے جبکہ کملا 47.2فیصد ووٹ کیساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ امریکی نیوز ایجنسی کے مطابق ریاست نیواڈا میں 85فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہوچکی تھی اور ان نتائج کے مطابق ٹرمپ کو 51.7فیصد ووٹوں کیساتھ برتری حاصل ہے جبکہ کملا ہیرس کو 46.6فیصد ووٹ ملے۔واضح رہے کہ ان تمام 7ریاستوں جنہیں سوئنگ اسٹیٹس کہا جاتا ہے میں گزشتہ انتخابات میں بائیڈن نے ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دی تھی اور اسی کے باعث بائیڈن امریکا کے صدر بن گئے تھے ۔
اہم خبریں سے مزید