اسلام آباد(فاروق اقدس)انتخابی معرکوں کے دوران پاکستان جیسے ممالک میں فریقین کے درمیان ایک دوسرے کی کردار کشی کرنے کیلئے بدعنوانی اور قابل اعتراض مناظر کی وڈیو اور آڈیو لیک کا چلن اب خاصاعام ہو چکا ہے لیکن سپر پاور امریکہ میں بھی دوسری مرتبہ صدارت کے طلبگار ڈونلڈ ٹرمپ کی فحش گفتگو کی ایک پرانی وڈیو لیک ہوگئی ہے جس نے امریکہ کے لاکھوں نوجوان ووٹرز کو حیران کر دیا ہے۔ واشنگٹن پوسٹ کی جانب سے سامنے لائی جانے والی ڈونلڈ ٹرمپ کی فحش گفتگو پر مبنی مختصر وڈیو درحقیقت 2005کی ہے۔ جب ڈونلڈ ٹرمپ نہ صرف سیاست میں نہیں آئے تھے بلکہ اس وقت ان کی شہرت متعدد حالات و واقعات کے باعث زیادہ خوشگوار نہیں تھی۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق مذکورہ وڈیو 2016کے انتخابات سے قبل وائرل ہوئی تھی اور اس وقت بھی مذکورہ امریکی جریدہ اس وڈیو کو سامنے لایا تھا۔