• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

6 ہفتوں میں ایم ڈی کیٹ کا دوبارہ ٹیسٹ لیا جائے، سندھ کابینہ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ کابینہ 6 شاہراہوں کی تعمیر کیلئے 6 ارب 63 کروڑ روپے کی منظوری، آئی بی اے سکھر کے تحت آئندہ 6 ہفتے میں ایم ڈی کیٹ امتحانات کے دوبارہ انعقاد کیلئے 23 کروڑ، 21 لاکھ اور 40 ہزار روپے کی منظوری دی، ایک نجی کمپنی کو ٹھٹھہ میں250میگا واٹ پاور پروجیکٹ کیلئے 1674ایکڑ اراضی دینے کی منظوری، آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کو 6ماہ میں ای اسٹیمپنگ متعارف کرانے کی بھی ہدایت،صوبائی کابینہ نے سندھ جاب پورٹل قائم کرنے کی بھی منظوری دیدی، جاب پورٹل آئی بی اے سکھر میں قائم کی جائیگی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیرصدارت سندھ کابینہ کا اجلاس، کئی اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوا، صوبائی وزرا، مشیروں، چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ اور دیگر متعلقہ سیکریٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس کے آغاز میں وزیر توانائی ناصر حسین شاہ کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی کے فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ فیصلوں کے تحت لاڑکانہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سرپلس پول میں بھیجے گئے ملازمین کی تنخواہ اور دیگر واجبات کی ادائیگی کیلئے 8کروڑ 19لاکھ روپے کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے جامشورو میں بجلی کی فراہمی کے پروگرام کیلئے 6 کروڑ 80لاکھ روپے کی بھی منظوری دی۔ فریئر ہال میں ادبی کانفرنس کیلئے 40لاکھ روپے بھی منظور کیے گئے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار چھ شاہراہوں کی تعمیر کیلئے 6ارب 63 کروڑ روپے کی منظوری دی۔ انہوں نے ان منصوبوں کیلئے ہنگامی انتظامات کی اجازت دی۔
اہم خبریں سے مزید