گلگت (اے پی پی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے لیے 100 میگاواٹ بجلی کی فی الفور فراہمی اور بلتستان یونیورسٹی اور قراقرم یونیورسٹی کے باصلاحیت طلباء کے لیے میرٹ کی بنیاد پر 1 ارب روپے کے انڈوومنٹ فنڈ کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا بشمول سابق فاٹا کے ضم اضلاع اور بلوچستان کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود پر ہماری توجہ پوری طرح مرکوز ہے، پنجاب طرز پر گلگت بلتستان کے شعبہ تعلیم کی ترقی کیلئے دانش سکول متعارف کر رہے ہیں، وفاقی حکومت یہاں کی عوام کی بہبود کیلئے دن رات سرگرم عمل ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت گلگت بلتستان کی کابینہ کا خصوصی اجلاس بدھ کو یہاں منعقد ہوا۔