• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی سفارتکار کی کابل میں افغان وزیرخارجہ، دفاع اور کرزئی سے ملاقاتیں

اسلام آباد (صالح ظافر) بھارتی وزارت خارجہ کے سینئر عہدیدار جے پی سنگھ نے افغان دارالحکومت کابل میں افغان وزیر دفاع، وزیر خارجہ اور سابق صدر حامد کرزئی سے اہم ملاقاتیں کیں۔ افغان دارالحکومت سے موصول ہونے والی رپورٹس کے مطابق، ذرائع نے بتایا کہ طالبان حکومت کے وزیر دفاع محمد یعقوب مجاہد کی یہ پہلی سرکاری ملاقات تھی جب طالبان نے تین سال قبل امریکی افواج کے افراتفری میں انخلا کے دوران اقتدار پر قبضہ کیا تھا۔ جے پی سنگھ، جو بھارتی وفد کی قیادت کر رہے ہیں ،یہ افغانستان پر بھارت کے اہم نمائندے رہے ہیں اور طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد ان کا یہ دوسرا دورہ ہے۔ انہوں نے پہلے اسلام آباد میں بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کے طور پر خدمات انجام دی تھیں۔انہوں نے طالبان کے بانی اور مرحوم امیر ملا محمد عمر کے بیٹے محمد یعقوب مجاہد کے ساتھ مذاکرات کیے۔ بھارتی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ ان مذاکرات میں تعلقات کو وسعت دینے اور ملک کے لیے انسانی امداد کو فروغ دینے کے طریقے زیر غور آئے۔ جے پی سنگھ نے اقتدار کی تبدیلی کے بعد دوسری مرتبہ کابل کا دورہ کیا اور افغان نمایاں شخصیات سے پہلی ملاقات کی۔
اہم خبریں سے مزید