میرپورخاص(نامہ نگار/سلیم آزاد) انسداد دہشت گردی میرپورخاص کی عدالت نے توہین رسالت کے مقدمہ میں نامزدڈاکٹر شاہنواز کنبھر کی جعلی پولیس مقابلے میں ہلاکت کے مقدمے میں نامزد ملزمان سابق ایس ایس پی عمرکوٹ، سابق سی آئی اے انچارج، سا بق ڈی آئی بی انچارج اور پیرعمرجان سرہندی کی عبوری ضمانت میں9روز کی توسیع کردی، جبکہ گرفتار5پولیس اہلکاروں کو مزید 9روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔تفصیلات کے مطابق،گزشتہ روزڈاکٹر شاہنواز قتل کیس میں عبوری ضمانت حاصل کرنے والے سابق ایس ایس پی عمرکوٹ آصف رضا بلوچ، پیر عمر جان سرہندی، سابق سی آئی اے انچارج عنایت زرداری اور سابق ڈی آئی بی میرپورخاص کے انچارج دانش بھٹی میرپورخاص انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے ان کی عبوری ضمانت میں 9دن کی توسیع کر دی ،جبکہ عدالت نے اسی کیس میں گرفتار سی آئی اے پولیس کے سب انسپکٹر ہدایت اللہ ناریجو، پولیس اہلکار فرمان، نادر، غلام قادر اور عطا بجیر کوبھی مزید 9 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر کے مقدمہ کی آئندہ سماعت16 نومبر مقررکی ہے۔