واشنگٹن (اے ایف پی) امریکا کے ملٹری جج نے نائن الیون کے ماسٹر مائنڈ خالد شیخ محمد اور دیگر دو کی ڈیل کےلیے درخواستوں (پلی ڈیل) کو بحال کردیا ہے دیگر دو میں ولید بن عطش اور مصطفی الہواشی شامل ہیں۔ جمعرات کو ایک افسر کے مطابق یہ اقدام وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کی جانب سے معاہدے منسوخ کئے جانے کے تین ماہ بعد اٹھایا گیا ہے۔ مذکورہ فیصلے کا مقصد نائن الیون میں ہلاک افراد کے لواحقین اور امریکیوں کے اشتعال کو دبانا ہے۔ لائیڈآسٹن نے کہا کہ لوگ مدعا علیہان پر مقدمہ چلتا دیکھنا چاہتے ہیں انہوں نے تصدیق کی کہ ملٹری جج نے تینوں ملزمان کے قبل از ٹرائل سمجھوتوں کو درست اور قابل نفاذ قرار دیا ہے۔ امریکی محکمہ دفاع پنٹاگون کے ترجمان میجر جنرل پیٹ رائیڈو نے کہا کہ فیصلے کا جائزہ لیا جارہا ہے اور اس وقت مزید کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ خالد شیخ محمد کے ساتھ ولید بن عطش اور مصطفی الہواشی شریک ملزمان ہیں۔ طویل عرصے سےچلنے والے یہ مقدمات اب برسوں بعد اپنے حل کی جانب جارہے ہیں اس دوران ملزمان کیوبا کے گوانتاناموبے ملٹری بیس میں قید رہے۔