جدہ (شاہدنعیم) سعودی ادارہ انسداد بدعنوانی ’نزاھہ‘ نے مختلف مالی جرائم پر سرکاری اداروں کے اہلکار اور غیرملکیوں کو حراست میں لے کر ان سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ سعودی اینٹی کرپشن کی ٹیموں نے قومی سلامتی کے ادارے اور سعودی سینٹرل بینک کے تعاون سے سعودی شہری خالد ابراہیم الجریوی کو حراست میں لیا جس پر الزام ہے کہ اس نے مقامی بینک کے اہلکار کے تعاون سے بینکنگ سسٹم میں جعل سازی کے ذریعے 49 کروڑ 30 لاکھ ریال کا غبن کیا تھا۔ ملزم نے بینک اہلکار کے تعاون سے بھاری لون جعلی جائیداد کی ملکیتی دستاویزات جمع کرا کے حاصل کیا۔ علاوہ ازیں اس نے مختلف جعلی سرمایہ کاری کی دستاویزات بھی جمع کرائیں جبکہ اس کے ساتھی بینک ملازم نے جعلی دستاویزات کی تصدیق کرتے ہوئے بھاری لون منظور کر لیا۔ملزم نے اپنے جرم کو چھپانے کےلیے رشتہ داروں کے ناموں پر اراضی خریدیں۔