کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہےکہ پورے ملک میں سب سے بہترین علاج سندھ میں ہوتا ہے، صحت کے شعبے میں کسی صوبے کے پاس سندھ جیسے منصوبے نہیں، سندھ میں قائم اسپتال، یونیورسٹیاں سب کے لیے ہیں، جنوبی پنجاب سے لوگ علاج کے لیے سندھ کے اسپتالوں میں آتے ہیں بدقستی سے پیپلز پارٹی کے خلاف منفی پروپیگنڈہ اور مہم چلائی گئی، منفی چیزوں اور کہیں پر کام نہ ہونے کو پیپلز پارٹی سے منسوب کیا جاتا تھا، کافی ایسے شعبے ہیں جس میں حکومت سندھ کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا ، حکومت سندھ نے صحت کے شعبے میں جو سہولتیں متعارف کروائی ہیں، وہ صرف سندھ کے لئے نہیں پورے ملک اور پڑوسی ممالک کے عوام کے لئے بھی ہیں، ان سہولتوں سے نہ صرف پورا ملک بلکہ پڑوسی ممالک کے شہری بھی مستفید ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزاسلام آباد کے صحافیوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کراچی آمد پر اسلام آباد کے صحافیوں کو خوش آمدید کہا، اسلام آباد کے صحافیوں نے سندھ کے مختلف اضلاع کے دورے کے بعد کراچی میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے ملاقات کے موقع پر محکمہ صحت، محکمہ تعلیم اور دیگر شعبوں میں حکومت سندھ کے ترقیاتی منصوبوں کی تعریف کی۔