اسلام آباد (این این آئی) وفاق اور صوبے گندم کے بقایاجات کی مد میں پاکستان ایگریکلچر اسٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن لمیٹڈ (پاسکو) کے 194ارب روپے کے نادہندہ نکلے،ای سی سی اجلاس میں رپورٹ پیش‘ حکومت آزاد کشمیر کو بھی 10ارب کی ادائیگی کرنی ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ کی زیر صدارت ای سی سی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزارت خزانہ پر پاسکو کے سب سے زیادہ 91ارب 28 کروڑ روپے واجب الادا ہیں جبکہ خیبر پختونخوا حکومت نے پاسکو کو 37ارب روپے ادا کرنے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے پاسکو کو 32ارب46کروڑ روپے دینے ہیں جبکہ سندھ حکومت پر پاسکو کے17ارب 46کروڑ روپے واجب الادا ہیں۔ ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر حکومت نے پاسکو کو 10ارب 9کروڑ روپے کی ادائیگی کرنی ہے جبکہ گلگت بلتستان حکومت نے پاسکو کو 4ارب 13کروڑ روپے دینے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاک فوج پر بھی پاسکو کے ایک ارب 84کروڑ روپے واجب الادا ہیں۔ حکام کے مطابق پاسکو کاشت کاروں سے خریداری کے بعد سالانہ طلب کی بنیاد پر وفاقی، صوبائی حکومتوں اور اداروں کو گندم فراہم کرتا ہے۔