• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ پولیس کی جانب سے وکلاء کو زدوکوب کرنا قابل مذمت، آج عدالتوں کا بائیکاٹ

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے صدر قاری رحمت اللہ کاکڑ نے حب جوڈیشل کمپلیکس میں سندھ پولیس کی جانب سے وکلاء کو زدوکوب کرنے کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ کے خلاف آج عدالتوں کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔یہ بات انہوں نے ضلع کچہری کے بار روم میں پریس کانفرنس میں کہی۔انہوں نے کہا کہ حب جوڈیشل کمپلیکس ابھی تک سندھ پولیس کے محاصرے میں ہے، جوڈیشل کمپلیکس سے باہر جانے والے وکلاء کو بھی سندھ پولیس نے گھیر لیا اس دوران حب بار ایسوسی ایشن کے صدر محمد اقبال جاموٹ اور حمل مری زخمی ہوئے ۔ انہوں نے کہاکہ واقعے سے متعلق آئی جی پولیس سمیت تمام ذمہ داران کو آگاہ کردیا ہے ان کی کوششوں سے حب میں حالات اب قدرے بہتر ہیں ۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ حب جوڈیشل کمپلیکس سے جلد پولیس کا محاصرہ ختم کیا جائے بصورت دیگر ہم احتجاج کا راستہ اختیار کریں گے جس کی تمام ذمہ سندھ اور بلوچستان پولیس پر عائد ہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ وکلاء انسانی حقوق کے علمبردار ہیں حب جوڈیشل کمپلیکس میں ہماری کو تاہی نہیں تھی، جوڈیشل کمپلیکس میں پولیس کا گھسنا کسی صورت قابل قبول عمل نہیں ہے۔ واقعے میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔حب واقعے کے خلاف آج عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا جائیگا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ وکلاء نے بلدیہ پلازہ میں آفس کرائے پر لئے ہوئے ہیں وہ کسی وکیل نے کسی دفتر پر قبضہ نہیں کیا۔ ہمیں امید ہے کہ کمشنر کوئٹہ ہمارے لئے مشکلات پیدا نہیں کریں گے۔
کوئٹہ سے مزید