• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچ قوم کے حقوق کے دفاع سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، بی این پی

کوئٹہ(پ ر) بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام شہید آغا خالد شاہ دلسوز کے چہلم پر تعزیتی ریفرنس کلی جیو میں شہید کی رہائشگاہ میں منعقد کیا گیا، جس کی صدارت شہید کی تصویر سے کرائی گئی جبکہ مہمان خاص مرکزی لیبر سیکرٹری موسی بلوچ اور اعزازی مہمان مرکزی ہیومن رائٹس سیکرٹری احمد نواز بلوچ اور بی ایس او کے مرکزی انفارمیشن سیکرٹری شکور بلوچ تھے۔ ریفرنس سے ممبر سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی و ضلعی صدر بی این پی کوئٹہ غلام نبی مری، حاجی باسط لہڑی، ملک محی الدین لہڑی، پرنس رزاق بلوچ، میر غلام رسول مینگل، حاجی ابراہیم پرکانی، حاجی وحید لہڑی، میر غفار بنگلزئی، رضا جان شاہیزئی، نعمت مظہر ہزارہ، آغا بیبرک شاہ اور ٹکری شکور بلوچ نے خطاب کیا۔ مقررین نے شہید کی قومی خدمات اور جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید آغا خالد شاہ پارٹی کا قیمتی سرمایہ تھے ان کے والد مرحوم آغا وہاب شاہ دلسوز کا شمار ان سرخیل سیاست دانوں میں ہوتا ہے جنہوں نے اس شہر میں علم و ادب کے فروغ کے لئے لائبریری قائم کی، وہ سیاسی شعور اور بلوچ قوم کے اندر حقوق کے حصول کے لئے جدوجہد کی روایت کی بنیاد گزاری کرنے والوں میں سے تھے۔ انہوں نے بلوچ قوم کے اندر شناخت، وطن دوستی اور قومی خدمت کی شمع روشن کی، شہید آغا خالد شاہ کی شہادت سے جو خلا پیدا ہوا ہے وہ صدیوں تک پر نہیں ہو سکے گا۔ بلوچستان کے شہدا میں سب سے زیادہ تعداد بی این پی کے شہدا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے سیاسی مقاصد اور بلوچ قوم کے حقوق کے دفاع سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ اس موقع پر ممبر سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی چیئرمین جاوید بلوچ، ضلعی کابینہ کے ارکان طاہر شاہوانی ایڈووکیٹ، ڈاکٹر علی احمد قمبرانی، نسیم جاوید ہزارہ، میر اکرم بنگلزئی، اسد سفیر شاہوانی، آغا عرفان شاہ اور قبائلی عمائدین اور پارٹی کارکنوں نے شرکت کی۔
کوئٹہ سے مزید