وفاقی جامعہ اردو میں ملازمین کی تنخواہوں، پینشن اور ہاؤس سیلنگ کی عدم ادائیگی پر انجمن اساتذہ اور انجمن غیر تدریسی ملازمین کے عہدیداران کی سربراہی میں وفد نے وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کی۔
ملاقات میں رکن قومی اسمبلی امین الحق بھی موجود تھے۔
انجمن کے عہدیداران اور تدریسی و غیر تدریسی نمائندوں نے جامعہ اردو میں شدید مالی بحران کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس وقت جامعہ اردو کے ملازمین انتہائی مالی مشکلات سے دوچار ہیں۔
وفاقی ادارہ ہونے کی وجہ سے صرف وفاق کی طرف سالانہ 940 ملین گرانٹ وصول ہوئی ہے جو مجموعی بجٹ کا صرف 27 فیصد بنتی ہے، جبکہ صوبائی حکومت کی جانب سے کوئی گرانٹ نہیں ملتی۔
وفد نے بتایا کہ اس وقت وفاقی جامعہ اردو کے ملازمین کو اکتوبر، نومبر اور دسمبر کی تنخواہیں ادا کرنے کےلیے فنڈ دستیاب نہیں ہیں جبکہ گزشتہ چھ ماہ کی ہاؤس سیلنگ بھی واجب الادا ہے۔ میڈیکل کی سہولت گزشتہ ایک سال سے زائد عرصے سے بند ہے۔
ایوننگ پروگرام میں اساتذہ کو گزشتہ دو سال سے معاوضوں کی ادائیگی نہیں کی گئی۔ شعبہ جات کے اخراجات کے لیے فنڈز دستیاب نہیں ہے۔