اکوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)مچ کے رہائشی نیک محمد نے کہا ہے کہ ان کے بھائی پر الزام بے بنیاد ہے ، بھائی کو بازیاب کرکے ہمیں انصاف فراہم کیا جائے ۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ میرا بھائی گزشتہ 5 سال سے کوئلہ کان میں کام کررہا ہے 28 اکتوبر کو گھر سے کام پر جاتے ہوئے اسے کچھ لوگ زبردستی اپنی گاڑی میں ڈال کر لے گئے اور تاحال لاپتہ ہے ، واقعہ کی اطلاع متعلقہ تھانے کو دی اور ایف آئی آر کے لئے درخواست دی گئی لیکن مقدمہ درج نہیں کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے میرے بھائی کی تصاویر اور پوسٹ شیئر کی گئی جس میں اس کے ہاتھ بندھے ہوئے اور لکھا گیا کہ وہ گزشتہ دنوں مستونگ میں شادی کی تقریب میں شرکت کرنے والے کالعدم تنظیم کے ارکان میںسے ایک ہے حالانکہ وہ اس دن کام پر موجود تھا اور روزانہ شناختی کارڈ سیکورٹی اہلکاروں کے پاس جمع کراکے حاضری لگائی جاتی ہے جس کا ثبوت ہمارے پاس موجود ہے، ان پر لگایا جانے والا الزام بے بنیاد ہے اب تک میرے بھائی کو کسی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے اپیل کی کہ میرئے بھائی کو بازیاب کرکے ہمیں انصاف فراہم کیا جائے ۔