کوئٹہ ( پ ر) بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن یکجہتی پینل کے دو مختلف وفود نے بی پی ایل اے انتخابات 2024-2026 کے سلسلے میں زیارت، سنجاوی، دکی،کوہلو،بارکھان، قلات، سوراب، پنجگور، ہوشاب و تربت کے بوائز و گرلز کالجز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر صدارتی امیدوار پروفیسر ڈاکٹر سید جمیل آغا نے کالج اساتذہ کے حقوق کے دفاع کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ برسوں میں یکجہتی پینل نے نا صرف اسٹاف روم کے ماحول کو خوشگوار بنایا بلکہ برادری کو اذیت میں مبتلا کرنے والے کرداروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ سابقہ کابینہ کی کارکردگی میں بلوچستان کے کالج اساتذہ کی واحد نمائندہ تنظیم کو بچانا سب سے بڑا کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا اس بار جن نکات کو ترجیحات میں رکھا گیا ہے ان میں 2019 کے بعد تعینات ہونے والے لیکچررز کے لئے ٹائم سکیل کی بحالی، سروس رولز 2023 برائے مردو خواتین میں بنیادی اور دوررس ترامیم، اساتذہ کی بروقت اور منصفانہ پروموشن کے کیسز کے لیے اقدامات اٹھانا، ہارڈ ایریا الاؤنس اور کالجز میں فائیو ٹائر پالیسی کا اجراء شامل ہیں۔ سید جمیل آغا نے کہا کہ کالج اساتذہ کی ہاؤسنگ اسکیم ایک خواب تھی جسے یکجہتی پینل نے شرمندہ ء تعبیر کرایا لیکن سوتیلے پن کا یہ عالم ہے کہ کم ترین وسائل میں کام کرنے والے اساتذہ کے لیے منظور شدہ ہاؤسنگ اسکیم کی قیمت کروڑوں میں رکھ کر سنگین مذاق کیا گیا ہے جس کے لیے تمام تر آئینی و قانونی طریقوں سے دیگر محکموں کی طرح سرکاری کالج اساتذہ کے لیے مفت ہاؤسنگ اسکیم کی راہ ہموار کی جائے گی۔ مرکزی جنرل سیکریٹری کے امیدوار پروفیسر جلیل سرپرہ نے انتخابی مہم کے دوران اس عزم کا اظہار کیا کہ کالج اساتذہ کے لیے سب سے عمدہ اور قابل عمل منشور یکجہتی پینل کی طرف سے پیش کیا جاچکا ہے ۔