• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

سوال: موبائل میں ایک ویب سائٹ ہے، اس میں اپنی میل آئی ڈی، شناختی کارڈ نمبر، ایڈریس اور ایک تصویر شامل کرنے کے ذریعے اکاؤنٹ بنایا جاتا ہے، اس کے بعد ویب سائٹ والے روزانہ ویب سائٹ کھولنے پر ایک ٹوکن دیتے ہیں، یہ ٹوکن اکاؤنٹ میں جاتا ہے تو پیسے بنتے ہیں، سوال یہ ہے کہ بغیر کسی انویسٹمنٹ (سرمایہ کاری) کے یہ جو رقم ملتی ہے، اس کا کیا حکم ہے؟

جواب: صورتِ مسئولہ میں مذکورہ طریقے کے مطابق حاصل ہونے والی رقم ناجائز ہے، اسے استعمال نہ کیا جائے، اس لیے کہ یہ کسی بھی قسم کی سرمایہ کاری اور محنت کے بغیر حاصل ہوتی ہے، شریعتِ مطہرہ میں بلا محنت کی کمائی کی حوصلہ شکنی کی گئی ہے اور اپنی محنت کی کمائی حاصل کرنے کی ترغیب دی گئی ہے اور اپنے ہاتھ کی کمائی کو افضل کمائی قراردیا ہے، جیساکہ حدیث شریف میں ہے:”آپ ﷺ سے پوچھا گیا کہ سب سے پاکیزہ کمائی کو ن سی ہے؟

تو آپ ﷺنے فرمایا کہ آدمی کا خود اپنے ہاتھ سے محنت کرنا اور ہر جائز اور مقبول بیع۔“ ایک دوسری حدیث میں اللہ کے نبی ﷺ ارشاد فرماتے ہیں: ”کسی نے کبھی اس کھانے سے بہتر کوئی کھانا نہیں کھایا جو اپنے ہاتھ کی محنت سے کما کر کھائے اور بے شک اللہ کے نبی حضرت داؤد علیہ السلام اپنے ہاتھ کی کمائی سے کھاتے تھے۔“ (شعب الایمان للبیہقی، باب التوکل بالله عزوجل والتسليم لأمرہ تعالیٰ فی کل شیء، ج:٢، ص:٨٤، رقم:١٢٢٥، ط:دارالکتب العلميۃ – مرقاۃالمفاتیح، کتاب البيوع، باب الکسب وطلب الحلال، الفصل الأول، ج:٥، ص:١٨٨٨، رقم:٢٧٥٠، ط:دارالفکر)