لمرک(عظیم ڈار) ایسوسی ایشن آف آئرش پاکستانی فزیشنز اینڈ سرجنز کے زیر اہتمام آئرلینڈ کے تیسرے بڑے شہر لمرک کے مقامی ہوٹل میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں ڈاکٹرز ،آئی ٹی پروفیشنلز ،پی ایچ ڈی ہولڈرز،کاروباری حضرات اورمختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نےشرکت کی۔ تقریب کی مہمان خصوصی سفیر پاکستان عائشہ فاروقی تھیں۔ ان کے ہمراہ ہیڈ آف چانسری شاہد اقبال اور سفارتخانہ پاکستان کے دیگر افراد بھی تشریف لائے۔ اس موقع پر میزبانوں کی جانب سے ہادیہ نعمان اور انزک نعمان نے سفیر پاکستان عائشہ فاروقی کو گلدستہ پیش کیا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبولؐ سے وسیم بٹ نے کیاجبکہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر عثمان حیدر لیل نے احسن طریقے سے ادا کیے ۔سفیر پاکستان عائشہ فاروقی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرا یہ لمرک سٹی میں میرے آنے کا مقصد اپنی پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کرنا اور دوسرا مسائل کے حل اور آپ کی آراء و تجاویز جو بالخصوص سفارتخانہ پاکستان سے متعلق ہوں انہیں براہ راست سنا جائے اور پھر ان کے حل کے لیے پیش رفت کی جائے۔ انھوں نے کہاکہ تجارت و ثقافت اور دیگر شعبہ جات میں پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان تعلقات کو بڑھانے اور انہیں مزید مضبوط کرنے میں کمیونٹی کردار ناگزیر ہے۔قبل ازیںایسوسی ایشن آف آئرش پاکستانی فزیشنز اینڈ سرجنز کے ایگزیکٹو ڈاکٹر جاوید سعید نے تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور تقریب کے اغراض و مقاصد سے حاضرین کو مطلع کیا۔ایسوسی ایشن آف آئرش پاکستانی فزیشنز اینڈ سرجنز کے صدر ڈاکٹر نعمان نبی نے کہا کہ ہماری تنظیم کے قیام کا مقصد ڈاکٹرز برادری کو ایک پلیٹ فارم تلے جمع کرنا اور نئے آنے والے ڈاکٹرز آئی ٹی پروفیشنلز ،پی ایچ ڈی ہولڈرز ،زسٹوڈنٹس ،کاروباری حضرات اور پاکستانی کمیونٹی کے فہمیدہ حلقوں کی رہنمائی کرنا تا کہ مسائل اور ان کے بہتر حل کے لیے غور و خوض کیا جاسکے۔اس موقع پر سوال و جواب کی نشست کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں پاکستانی کمیونٹی کو پاسپورٹ ۔ویزہ اور نادرہ کارڈ کے حصول کے لیے پیدا ہونے والی مشکلات کے بارے میں سفیر پاکستان کو آگاہ کیا گیا جس پر انہوں نے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کروائی ۔ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر نعمان نبی نے اظہار تشکر کے کلمات ادا کرتے ہوئے سفیر پاکستان عائشہ فاروقی اور دیگر معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔پروگرام کے آخر میں حاضرین کی تواضع پاکستانی کھانوں،روایتی چائے اورکافیسے کی گئی۔