اسلام آباد (فاروق اقدس) نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی 7کابینہ کے لیے نئے ناموں کا اعلان کردیا اور اپنی صدارتی مہم کے دوران لاکھوں ڈالر خرچ کرنے والے ایلون مسک کو دوبارہ صدر منتخب ہونے پر اہم ذمہ داری دینے کا جو وعدہ کیا تھا وہ پورا کردیا ہے۔ ارب پتی کاروباری شخصیت ایلون مسک حکومتی کارکردگی کی مہم کی قیادت کریں گے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ یہ ادارہ حکومت کی حدود سے باہر کام کرے گا اور اس میں شامل دونوں افراد وفاقی حکومت کو ’بڑے پیمانے پر اداراجاتی اصلاحات کے لیے تجاویز اور رہنمائی فراہم کریں گے، جب کہ حکومت کے لیے وہ کاروباری نقطہ نظر پیدا کرے گا جو پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا غیر ملکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا ہےکہ ایلون مسک اور راماسوامی ’بیوروکریسی کی اجارہ داری ختم کرنے، اضافی قواعد و ضوابط کو کم کرنے، فضول اخراجات میں کمی اور وفاقی ایجنسیوں کی ساخت کی از سر نوتشکیل کریں گے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ نیا محکمہ ری پبلکن پارٹی کے خوابوں کو پورا کرے گا اورحکومت سے باہر رہتے ہوئے رہنمائی فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت میں ایلون مسک اور راما سوامی کے کردار غیر رسمی ہوں گے جس کے لیے سینیٹ کی منظوری کی ضرورت نہیں ہوگی جس سے ایلون مسک ٹیسلا، ایکس اور اسپیس ایکس کی سربراہی کر سکیں گے جب کہ راما سوامی بھی پروائیٹ سیکٹر کے لیے کام کرسکیں گے۔