• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا میں سفیر پاکستان سے پاکستانی نژاد تاجروں، طلبہ کی ملاقاتیں

اسلام آباد( رپورٹ حنیف خالد) امریکا میں سفیر پاکستان سے پاکستانی نژاد تاجروں، طلبہ کی ملاقاتیں، انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طلباء اپنے ثقافتی ورثے سے جڑے رہیں اور ملک کے عالمی امیج کو بلند کریں، حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی، امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے نیویارک میں پاکستانی نژاد انویسٹمنٹ بینکرز، آئی ٹی پروفیشنلز اور تاجروں سے ملاقات کی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی، کان کنی، زراعت اور سیاحت میں سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے شرکاء کو پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے کردار سے آگاہ کیا اور حکومت پاکستان کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر شرکاء نے پاکستان میں سرمایہ کاری لانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ دریں اثناء رضوان سعید شیخ نے قونصلیٹ جنرل آف پاکستان میں نیویارک کے مختلف تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم پاکستانی نژاد طلباء سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے ملک کے مستقبل کو مضبوط بنانے میں نوجوانوں کے اہم کردار اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان مثبت تعلقات کو فروغ دینے میں تارکین وطن کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے طلباء سے کہا کہ وہ اپنی تعلیمی سرگرمیوں میں سبقت حاصل کریں، اپنے ثقافتی ورثے سے جڑے رہیں اور پاکستان کے عالمی امیج کو بلند کرنے والے اقدامات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
اہم خبریں سے مزید