کراچی (عبدالماجد بھٹی) امریکا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی تباہ کن کارکردگی کے بعد سینئر منیجر اور سلیکٹر کی ذمے داریوں سے سبکدوش ہونے والے سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر وہاب ریاض کی کرکٹ بورڈ میں واپسی ہوگئی، ان کو چیمپئنز کپ کا ٹورنامنٹ ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔ خراب کارکردگی اور ڈسپلن کی خلاف ورزیوں کی رپورٹس کے بعد انہیں خاموشی سے سائیڈ لائن کردیا گیا تھا۔ چیمپئنز کپ کا ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ ہوچکا ہے جبکہ فرسٹ کلاس اور ون ڈے ٹورنامنٹ ہونا باقی ہیں۔ ماضی میں مختلف پوزیشنز پر کام کرنے والے سابق فرسٹ کلاس کرکٹر اور کوالی فائیڈ کوچ شاہد اسلم کو زمبابوے اور جنوبی افریقا کے دورے میں وائٹ بال ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ محمد یوسف کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے پہلے انگلینڈ سے وطن واپس بھیج دیا گیا تھا، وہ سلیکٹر کی ذمے داریاں نبھارہے تھے لیکن بنگلہ دیش کی شکست کے بعد انہیں اس سے بھی فارغ کردیا گیا تھا۔ کرکٹ بورڈ کو اسپن بولنگ کوچ کی تلاش ہے۔ خیال رہے کہ مشتاق احمد 2002سے ہائی پرفارمنس سینٹر میں اسپن بولنگ کنسلٹنٹ ہیں۔ وہ سال میں ایک سو دن پی سی بی جبکہ265 دن دیگر ٹیموں یا میڈیا ہائوسسز کیلئے کام کرتے ہیں۔ پی سی بی نے تصدیق کی ہے کہ آسٹریلیا میں پاکستان ٹیم کے بیٹنگ مسائل کو دیکھتے ہوئے شاہد اسلم کو ٹیم کا نیا بیٹنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے ۔ پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ شاہد اسلم بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے زمبابوے اور جنوبی افریقا جارہے ہیں۔ آسٹریلیا میں ٹی 20سیریز میں عثمان خان نے واحد نصف سنچری بنائی تھی۔ پاکستان ٹیم کے لیے اسپن بولنگ کوچ کا تقرر جلد کردیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق شاہد اسلم کو عاقب جاوید کی سفارش پر کوچ مقرر کیا گیا ہے، وہ بیٹرز کو پریکٹس کرانے اور گھنٹوں تھرو ڈاؤن کرانے کی وجہ سے مشہور ہیں۔ دوسری جانب چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف کا استعفیٰ منظور کرنے سے انکار کردیا ہے۔ بورڈ ترجمان کے مطابق چیئرمین انہیں نئی ذمے داریاں دینا چاہتے ہیں۔ محمد یوسف نے چند روز قبل قومی اکیڈمی کےبیٹنگ کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ان کی جگہ اس وقت غلام علی کام کررہے ہیں۔ غلام علی محمد یوسف کی جگہ انڈر19ٹیم کے ہیڈ کوچ بنے ہیں۔ ذرائع کے مطابق محمد یوسف کو 2، 3 ذمہ داریوں کی پیشکش کی جائے گی جن میں سے انہیں ایک کا انتخاب کرنا ہو گا۔ وہاب ریاض محسن نقوی کے ساتھ پنجاب حکومت میں مشیر کھیل کی حیثیت سے کام کرچکے ہیں۔ چند ماہ قبل وہاب ریاض اورپی سی بی ڈائریکٹر عثمان واہلہ کی بھی سوشل میڈیا پر جھڑپ ہوئی تھی جس پر وہاب ریاض کا شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔ شاہد اسلم کی تقرری کا باقاعدہ اعلان جلد متوقع ہے۔ عاقب جاوید اور شاہد اسلم کے ویزے جاری ہونے کے بعد فلائٹ طے ہوگی۔