کراچی ( اسٹاف رپورٹر)عالمی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024ء میں پاکستانی ساختہ جدیدترین شہپرڈرون توجہ کا مرکز بن گیا ‘ شہپرتھری مکمل طور پرمقامی طورپربنایا گیا ہے جو1600کلو گرام سے زائد بارودلے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے جو کسی بھی چلتے ہو ئے ٹارگٹ کو نشانہ بنا سکتا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق دفاعی نمائش کے پہلے روز پاکستانی ساختہ ڈرون اور ٹینک توجہ کا مرکز رہے‘ ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل شمریز نے بھی نمائش کا دورہ کیا ، انہوں نے جدید ڈرونز، بکتر بند گاڑیوں سمیت مختلف اسٹالز کا جائزہ لیا ۔نمائش میں جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس ٹینک حیدرکو پیش کیا گیا جسے جلد پاکستان آرمی کے بیڑے میں شامل کیا جائے گا۔چار روزہ نمائش میں چین‘ترکیہ ‘ایران ‘ اٹلی اور برطانیہ سمیت پچپن ممالک کے مندوبین اور مبصرین شرکت کررہے ہیں۔نمائش میں پیش شہپر تھری تیس ہزار فٹ بلندی سے زائد اڑنے کے ساتھ فضا میں مسلسل چالیس گھنٹو ں تک اڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری دفاعی نمائش میں اہداف کو ٹارگٹ کرنے والے ڈرونز کے چرچے ہیں۔ سو سائٹ اور سرویلنس نامی ڈرونز دشوار گزار، پہاڑی علاقوں اور گنجان آبادیوں میں اہداف کو آسانی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ مصنوعی ذہانت سے لیس خود ساختہ جدید ترین اینٹی ڈورن سسٹم اسپائیڈر ملکی حدود میں آنے والے کسی بھی ڈرون کی کئی کلو میٹر دور سے نہ صرف نشاہدہی کر سکتا ہے بلکہ فضا میں ہی ناکارہ بنانے کی صلاحیت رکھتاہے ۔