کراچی(اسٹاف رپورٹر)بہادر آباد میں دفتر کے باہر بغیر نمبر پلیٹ کی ویگو ڈالے پر سوار نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سےرپورٹر زخمی ہوگیا،تفصیلات کے مطابق بہادر آباد تھانہ کی حدود میں واقع دفتر کے باہر منگل کوبغیر نمبر پلیٹ (اپلائیڈ فار رجسٹریشن)کی سفید ویگو گاڑی میں سوار مسلح ملزمان نےفائرنگ کرکے کرائم رپورٹرندیم احمد کو زخمی کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے،واقعے کی اطلاع پر پولیس کے اعلیٰ افسران نے موقع پرپہنچ کر واقعے کی چھان بین کی اور شواہد اکھٹا کئے ،جبکہ رپورٹر ندیم احمد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حملے کا نوٹس لیتے ہوئےپر ایڈیشنل آئی جی کراچی سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی،،ڈی آئی جی ایسٹ عثمان غنی صدیقی نے کہاہےکہ ندیم کو پاؤں پر گولی لگی ہے ،ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے ،ایس ایچ او تھانہ بہادر آبادعبدالرسول نے بتایا ہےکہ رپورٹر اپنی موٹر سائیکل پر دفتر کے مین گیٹ کے قریب پہنچے تو تیز رفتار سفید ویگو گاڑی رپورٹر کے سامنے آکر رکی اور رپورٹر اور ویگو گاڑی سوار کے مابین کسی بات پر تکرار ہوئی اس دوران گاڑی سوار نے اپنی پستول نکال کر رپورٹر کے پائوں پر گولی ماردی جس سے وہ زخمی ہوگیا،گاڑی پر اپلائیڈ فار رجسٹریشن 2024 کا نمبر پلیٹ لگا ہوا تھا جس کی وجہ سے گاڑی کی تلاش میں مشکل ہورہی ہے،سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے گاڑی کی تلاش جاری ہے۔