کراچی (اسٹاف رپورٹر) بین الصوبائی رابطے کی قائمہ کمیٹی برائے قومی اسمبلی نے پی سی بی چیف محسن نقوی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ اجلاس میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے، کمیٹی نے پی سی بی کو کابینہ ڈویژن کے ماتحت کرنے کا فیصلہ مسترد کردیا۔ چیئرمین کمیٹی ثنااللہ مستی خیل نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کوئی مقدس گائے نہیں، قائمہ کمیٹی سب سے بڑا فورم ہے یہاں جواب آنا چاہیے۔ چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کے نہ آنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی گئی، چیئرمین نے کہا کہ دنیا بھر کی ٹیمیں پاکستان آرہی ہیں، بھارت کی ہندوتوا سوچ آڑے آگئی ہے۔ اجلاس میں فٹبال کے مسائل پر تشویش کا اظہار کیا گیا، انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑی تو فٹبال فیڈریشن کے انتخابات کی مانیٹرنگ کیلئے کمیٹی تشکیل دیں گے۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈی جی یاسر پیرزادہ نے 44 فیڈریشنوں کے ساتھ کارکردگی، آپریشن اور کوآرڈینیشن پربریفنگ دی ، کمیٹی نے انہیں فیڈریشنز کا آڈٹ کرانے کی ہدایت کی، کمیٹی ارکان نے ہاکی سمیت کئی کھیلوں میں ناقص کارکردگی پر تشویش کا اظہار کیا۔ اجلاس میں ایم این ایز سیکرٹری آئی پی سی اور منسلک محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔