اسلام آباد (مہتاب حیدر)کنٹری ڈائریکٹر عالمی بینک کا ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ، ایف بی آر ٹرانسفارمیشن پلان کے ساتھ پاکستان ریونیو پروجیکٹ کے تحت اقدامات کی صف بندی پر تبادلہ خیال۔ تفصیلات کے مطابق عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بینہسین نے طوبیاس اختر حق (لیڈ کنٹری اکانومسٹ)، ارم توقیر (پبلک سیکٹر اسپیشلسٹ) اور ایوا لیزلیٹ لیسکراویٹ (سینئر آپریشنز آفیسر) کے ساتھ 19 نومبر، 2024 کو راشد محمود لنگڑیال، چیئرمین ایف بی آر اور ان کی ٹیم کے ساتھ ملاقات کیلئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا او ر ایف بی آر ٹرانسفارمیشن پلان کے ساتھ پاکستان ریونیو پروجیکٹ کے تحت اقدامات کی صف بندی پر تبادلہ خیال کیا۔ چیئرمین ایف بی آر نے ایف بی آر کی تبدیلی کے لیے حکومت کے وژن سے آگاہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ اصلاحات کا مقصد تعمیل کی سہولت فراہم کرتے ہوئے محصول میں اضافہ ہے۔ انہوں نے ٹیکس کی تعمیل میں فرق کو پورا کرنے کے لیے اصلاحات کے کلیدی شعبوں پر روشنی ڈالی یعنی ڈیجیٹلائزیشن کے اقدامات، ایچ آر کی استعداد کار میں اضافہ، انسداد اسمگلنگ کے اقدامات اور مزید وسیع البنیاد ٹیکس انتظامیہ کی اصلاحات۔ چیئرمین ایف بی آر نے عالمی بینک کی ٹیم سے ڈیجیٹل انفورسمنٹ سٹیشنز کے قیام، سپلائی چین کی ڈیجیٹلائزیشن اور مذکورہ اقدامات کے لیے درکار فزیبلٹی اسٹڈیز سمیت اصلاحاتی اقدامات کے لیے تعاون کی درخواست کی۔ ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے پاکستان میں ریونیو موبلائزیشن کی کوششوں کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ دونوں ٹیمیں پاکستان ریزز ریونیو پروگرام کے تحت ایف بی آر کی تبدیلی کے منصوبے کی سرگرمیوں میں تعاون کے لیے مل کر کام کریں گی۔