• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیکنالوجی کے ذریعے بچوں کو استحصال اور زیادتی سے بچانا ہوگا، وزیراعلیٰ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ان کی حکومت نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے بچوں کی حفاظت کیلئے نئے اقدامات اٹھائے ہیں ،بچوں کو ٹیکنالوجی کے ذریعے استحصال اور زیادتی سے بچانا ہوگا، ہمیں اپنے معاشرے سے علم، شعور اور بیداری کے ذریعے درندگی اور حیوانیت کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ 19 نومبر کو بچوں کے خلاف تشدد کی روک تھام کے دن کے موقع پر پیغام میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس سال کا تھیم ’’ تیز رفتار ٹیکنالوجی کے فوائد اور نقصانات، بچوں کو جنسی استحصال اور زیادتی سے بچانا‘‘ ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ٹیکنالوجی کے مواقع اور خطرات دونوں کے بارے میں آگاہی دینے کی ضرورت ہے تاکہ بچوں کو اپنا تحفظ کرنے کے قابل بنایا جاسکے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس دن کا مقصد بچوں اور والدین کو یہ سکھانا ہے کہ استحصال سے کیسے بچا جا سکتا ہے۔ ٹیکنالوجی کے فوائد پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس سے زندگی کے کئی شعبوں میں آسانیاں پیدا ہوئی ہیں تاہم بچوں کی حفاظت کا نیا چیلنج بھی درپیش ہے۔
اہم خبریں سے مزید