اسلام آباد(ایجنسیاں)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بجلی صارفین کیلئے ونٹر پیکج کی منظوری دے دی۔ای سی سی کااجلاس وزیر خزانہ سینیٹر محمد اور نگزیب کی زیرصدارت ہوا۔ اجلاس میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے سابقہ ایمرجنسی ریلیف سیل کے 3.140 ارب روپے کے بیلنس کو اتھارٹی فنڈ میں منتقل کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔اجلاس کوبتایاگیاکہ ان فنڈز کو اتھارٹی کے قانونی اختیار دائرہ کارمیں اندرونی اور بیرونی امدادی کارروائیوں کیلئے بروئے کار لایا جائیگا۔ اسی سی سی نے تجویز کی منظوری دیدی جبکہ ونٹر پیکج کے تحت بجلی کے اضافی استعمال پر 26 روپے 7 پیسے فی یونٹ فلیٹ ریٹ وصول کیا جائے گا جبکہ اس کا اطلاق دسمبر 2024 سے فروری 2025 تک کیلئے ہوگا۔ ونٹر پیکج سے 200 یونٹ سے زائد استعمال کرنے والے صنعتی، گھریلو اور کمرشل صارفین کو فائدہ ہوگا ۔