اسلام آباد ( رپورٹ حنیف خالد) وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ نے ہچیسن پورٹ ہانگ کانگ کے ساتھ بحری تعاون کو ملکی تاریخ میں نئے باب کا آغاز قرار دیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی بندرگاہ سمیت دیگر مقامات پر بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری اور جدت لائی جائیگی، انہوں نے ہچیسن پورٹ کا دورہ کیا جس کا مقصد پاکستان کی بندرگاہی صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور اسے عالمی معیار کے مطابق مزید ترقی دینا تھا۔ ہچیسن پورٹ کے گروپ مینیجنگ ڈائریکٹر، ایرک اِپ نے ان کا استقبال کیا ۔ دورے کے دوران وزیرِ برائے بحری امور نے ایرک اِپ اور ہچیسن پاکستان/گلف کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، اینڈی چوئی کے ساتھ تفصیلی گفتگو کی جس میں ہچیسن پورٹ کی پاکستان میں جاری سرگرمیوں، سابقہ معاہدوں اور مستقبل کے توسیعی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قیصر احمد شیخ نے کہا کہ وزارتِ بحری امور اور ہچیسن پورٹ کے درمیان موجودہ معاہدے کے تحت کراچی بندرگاہ سمیت دیگر مقامات پر بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری اور جدت لائی جا رہی ہے جو بندرگاہی شعبے میں انقلاب کا پیش خیمہ ہے۔