کراچی(رپورٹ/اختر علی اختر)پاکستان فلم انڈسٹری کا ماضی شاہکار فلموں سے سجاہوا ہے، ان فلموں کی غیرمعمولی کامیابیوں میں اُس زمانے کے موسیقاروں،ہدایتکاروں اور فنکاروں نے نمایاں کردار ادا کیا۔ پاکستان کی فلموں کی ہیروئن اور ہیرو کو ڈائریکٹر کی جانب سے جب بھی کوئی مشکل کردار دیا جاتا تھا، تو وہ پُوری توجہ سے اُس میں حقیقت کا رنگ بھرتے تھے۔ ماضی کے صفِ اول کے فنکاروں نے اپنے عُروج کے زمانے میں بھی اندھے،لنگڑے،ٹیکسی ڈرائیور،تانگے والا،مزدر لیڈر،نوکر اور رکشا ڈرائیور کے روپ میں نظر آئے۔آج کی نسل کے سپراسٹار اس طرح کے کرداروں میں کب نظر آئیں گے۔ آج ہم پاکستان فلم انڈسٹری کے سدابہار اُن ہیرو اور ہیروئنوں کا ذِکر کریں گے، جنہوں نے فلموں میں ’’ٹانگوں سے معذور‘‘ کرداروں میں جم کر اداکاری کی۔ سب سے پہلے لالی ووڈ کے شہنشاہِ جذبات اداکار محمد علی کا ذکر کریں گے، انہوں ںے 27مارچ 1989ء کو ریلیز ہونے والی بھارتی فلم’’کلرک‘‘میں ٹانگوں سے معذور کردار میں عمدہ پرفارمنس دی۔ اس فلم میں منوج کمار،زیبا بیگم اور ریکھا نے بھی کام کیا تھا۔ یہ حقیقت ہے کہ محمد علی کو جو بھی کردار ڈائریکٹر کی جانب سے دیا جاتا تھا، وہ اُسے یادگار بنادیتے تھے۔ انہوں نے کئی فلموں میں ناقابلِ فراموش رول ادا کیے ۔ پاکستان کی سپرہٹ فلم ’’ہمراہی‘‘تو سب کو یاد ہوگی، اس فلم میں حیدر اور خالد نامی فنکاروں ںے اندھے اور لنگڑے کے کرداروں میں عمدہ انداز میں پرفارمنس دی ۔ حیدر نے لنگڑے کا شاندار رول کیا تھا، اس فلم کے گیتوں نے بھی زبردست مقبولیت حاصل کی تھی۔ پاکستانی فلموں کی ماضی کی ہیروئن نِشو فلم ’’پیاری‘‘ میں لنگڑی لڑکی کے روپ میں نظر آئیں۔اس فلم کے ہیرو وحید مراد اور ہیروئن شبنم تھیں۔ پاکستانی فلموں کے خُوبصورت اور باکمال ہیرو ندیم نے فلموں میں ایک سے بڑھ کر ایک دلچسپ اور یادگار کردار ادا کیے۔ فلم’’پرستش‘‘میں اُنھیں ایک ٹانگ سے معذور یعنی لنگڑے کے روپ میں شاندار پرفارمنس دینے پر فلم بینوں نے سراہا۔ لالی ووڈ کی ماضی کی سپراسٹار بابرہ شریف نے ٹریجڈی اور ایکشن سے بھرپور کرداروں میں شائقینِ فلم کے دِلوں پر راج کیا۔ انہوں ںے فلم ’’شبانہ‘‘ میں ٹانگوں سے معذور لڑکی کے روپ میں دل چُھونے والی پرفارمینس دی۔ فلم میں وحید مراد اور شاہد نے مرکزی کردار نبھائے تھے۔ فلم ساز اور اداکار وحید مراد کی 1966ء میں ریلیز ہونے والی سپرہٹ فلم ’’ارمان‘‘ میں اداکارہ زیبا کو کچھ مناظر میں ٹانگوں سے معذور دِکھایا گیا۔ اس فلم کا ایک سدابہار گیت ’’اکیلے نہ جانا ہمیں چھوڑ کر تم‘‘میں بھی وہ بےساکھیوں کے سہارے چلتی دِکھائی دیتی ہیں۔ پاکستانی فلم ’’جوکر‘‘میں اداکار کمال نے جوکر بن کر عمدہ اداکاری کی۔ فلم میں ایک حادثے کے دوران کمال کی ٹانگیں ضایع ہوجاتی ہیں، ٹانگوں سے معذور شخص کے روپ میں کمال نے لاجواب اداکاری کی۔