کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ “ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر رہنما مسلم لیگ ن اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور مشکل پوزیشن میں ہیں اور دو کشتیوں کے سوار ہیں۔امید ہے علی امین گنڈا پور ایپکس کمیٹی کا ماحول اپنی پارٹی تک پہنچائیں گے۔بانی پی ٹی آئی کی این آر او حاصل کرنے کے لئے بے تابی سمجھ آتی ہے، رکن کور کمیٹی پی ٹی آئی شعیب شاہین نے کہاکہ احتجاج کے حوالے سے ہماری تیاری مکمل ہے۔ہمارے بہت سارے کارکنوں کو اٹھا لیا گیا ہے۔خاتون کارکنوں، مرد کارکنوں کی ضعیف ماں اور بیماری بیوی کو اٹھا لیا گیا ہے،لوگوں کے گھروں کو بھی توڑا جارہا ہے۔ اس سب فسطائیت اور یزیدیت کے باوجودہمارا ہوم ورک مکمل ہے۔ہمارے لوگ باہر نکلیں گے اور بہت بڑی تعداد میں نکلیں گے۔ ان تمام ہتھکنڈوں کے باوجود احتجاج کے لئے ہماری تیاری پوری ہے،حکومت کے اندر بات چیت کے حوالے سے سنجیدگی ہے تو اچھی بات ہے۔ سینئر رہنما مسلم لیگ ن اور وفاقی وزیر احسن اقبال نےکہا کہ ایپکس کمیٹی اجلاس میں کسی کو کسی سیاسی بات کا کوئی سیاسی جواب نہیں ملا۔ ایپکس کمیٹی کا دو ٹوک پیغام تھا کہ سیاسی اور معاشی بحالی کے حوالے سے کسی کو کھیلنے نہیں دیں گے۔فورم پر ایسی گفتگو نہیں ہوئی کہ کوئی ایک صوبہ دوسرے صوبے پر کوئی باغیانہ کارروائی کرے۔احسن اقبال نے مزید کہا کہ ایپکس کمیٹی کا اجلاس ایک سیکورٹی کا فورم ہے اس کی اندرونی کارروائی ایک امانت ہے۔پوری کمیٹی نے اتفاق رائے سے اس با ت کو سپورٹ کیاکہ پاکستان کو جو اس وقت دہشت گردی کا چیلنج ہے اس کے لئے ملک کے اندر استحکام کی ضرورت ہے۔ملک کی وفاقی اور صوبائی حکومتیں پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ مل کردہشت گردی کا قلع قمع کریں گی۔آج یہ فیصلہ کیا گیا کہ ایپکس کمیٹی کے تحت ضلعوں کی سطح تک کوآرڈینیشن کمیٹیاں بنائی جائیں گی۔جو انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کو مربوط طریقے سے آگے لے کر چلیں گی ۔ ایپکس کمیٹی میں کسی سیاسی بات کا کوئی سیاسی جواب نہیں ملے گا۔اس میٹنگ کا موضوع سیاسی نہیں تھایقیناً کوئی ایسا حوصلہ افزا جواب کسی کو نہیں مل سکتا تھاجو اس موقع پر کوئی بھی سیاسی بات کرے۔دو ٹوک انداز میں سب نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔ جب ملک معاشی بحالی کی طرف جارہا ہے تو لاقانونیت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔علی امین گنڈا پور جہاں پی ٹی آئی رہنما ہیں وہیں ایک صوبے کے وزیراعلیٰ ہیں۔علی امین گنڈا پور مشکل پوزیشن میں ہیں اور دو کشتیوں کے سوار ہیں۔امید ہے علی امین گنڈا پور ایپکس کمیٹی کا ماحول اپنی پارٹی تک پہنچائیں گے۔ بانی پی ٹی آئی کی این آر او حاصل کرنے کے لئے بے تابی سمجھ آتی ہے۔بانی پی ٹی آئی کو فیض حمید سے متعلق خوف ہے تو یہ فطری بات ہے۔ان کی باقی پارٹی سمجھتی ہے کہ اس وقت ملک کے کیا حالات ہیں۔بانی پی ٹی آئی آرمی چیف کے خلاف بغاوت کا مرکزی کردار تھے۔