کراچی ( رپورٹ :…محمد منصف )پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیرنے کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقدہ بین الاقوامی دفاعی نمائش و سیمینار (آئیڈیاز 2024) کا دورہ کیا۔جنرل سید عاصم منیر نے نمائش میں دوست ممالک کے دفاعی مینوفیکچررز کی فعال شرکت کو سراہاتے ہوئے نمائش میں توجہ کا مرکز بننے والے بغیر پائلٹ جنگی طیارے کا افتتاح کر دیا۔ دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024میں مجموعی طور پر 557نمائش کنندگان شرکت کر رہے ہیں جن میں سے 333بین الاقوامی نمائش کنندگان ہیں جبکہ224ملکی نمائش کنندگان ہیں۔ 36ممالک نے نمائش کنندگان کے اسٹالز لگائے جن میں سے 17ممالک پہلی بار شرکت کر رہے ہیں۔ تقریب میں 53ممالک کے 300سے زائد غیر ملکی مندوبین نے شرکت کی اور نمائش اور پاکستان کی دفاعی صنعت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔نمائش میں پہلی بار پیش کیا جانے والا واہ فیکٹری کی جانب سے پیش کردہ خود کش ڈرون توجہ کا مرکز رہا۔خود کش ڈرون 8کلو میٹر تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کا حامل ہے، واہ فیکٹری میں بننے والا ایک اور ڈرون 20 کلو میٹر رینج تک سرویلنس اور دھماکہ خیز موادلے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ علاوہ ازیں آئیڈیاز 2024 کے تسلسل میں سی ویو پرشہریوں کے لیے آج جمعرات کو کراچی شوکا انعقاد کیا جائیگا ،تینوں مسلح افواج اپنے جنگی اثاثوں کے ساتھ شریک ہوں گی،پاک بحریہ کے سی کنگ ہیلی کاپٹرزکے علاوہ پاک فضائیہ کے جنگی ہوائی جہازوں کا فلائی پاسٹ بھی ہوگا۔نشان پاکستان،سی ویو پر جمعرات کی سہ پہرٹرائی سروسز کراچی شوکا انعقاد کیا جائیگا،جس میں پاک بحریہ کے ہوائی اوربحری اثاثوں کے علاوہ ایس ایس جی کمانڈوزہزاروں فٹ کی بلندی سے جمپ لگانے کاشاندارمظاہرہ پیش کریں گے۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلی سندھ ہوں گے۔