لندن( جنگ نیورز)معروف شاعر فیض احمد فیض کی 40ویں برسی کے موقع پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا . اس حوالے سے پاکستان ہائی کمیشن لندن اور اردو مرکز لندن کے اشتراک سے ہائی کمیشن میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ فیض احمد فیض کی برسی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں بہت سے برٹش پاکستانی بشمول مصنفین، اسکالرز، شاعروں اور طلبہ نے شرکت کی، فیض احمد فیض 20نومبر 1984کو 73سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے، وہ بیسویں صدی کے بااثر ترین شاعروں میں سے ایک تھے۔ ان کے کام کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور وہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ اس تقریب کا مقصد اردو زبان کو فروغ دینا اور نوجوان برٹش پاکستانیوں کو ان کی زبان، ثقافت اور ادب سے جوڑنا تھا۔ تقریب میں فیض احمد فیض کی مشہور تخلیقات جیسے داستان صبا، زندان نامہ اور نقش فریادی کے اقتباسات پڑھے گئے، شاعر کے چاہنے والوں اور مداحوں کی جانب سے غزلیں بھی گائی گئیں۔ اردو مرکز لندن کے چیئرمین ڈاکٹر جاوید شیخ نے اس پروگرام کی حمایت کرنے پر پاکستانی ہائی کمیشن لندن کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے فیض احمد فیض پر اپنے کام کی ایک کاپی ڈپٹی ہائی کمشنر حسیب بن عزیز کو بھی پیش کی۔