• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیٹ کی ساؤتھ پورٹ فیملیز کو کرسمس کیرول میں شرکت کی دعوت

لندن (پی اے) کیٹ نے ساؤتھ پورٹ کے خاندانوں کو کرسمس کے موقع پر گا ئے جانے والے خوشی کے نغمہ میں شریک ہونے کے لئے مدعو کر لیا۔رپورٹ کے مطابق کینسنگٹن پیلس نے کہا ہے کہ شہزادی آف ویلز نے ساؤتھ پورٹ حملوں سے متاثرہ خاندانوں کو اپنی سالانہ کرسمس کیرول سروس میں مدعو کیا ہے۔ چوتھی ٹوگیدر ایٹ کرسمس سروس 6 دسمبر کو ویسٹ منسٹر ایبی میں ہوگی۔ یہ تقریب ایک سال کے اختتام پر آ رہی ہے، جس کے دوران کیتھرین کو کینسر کی تشخیص کے بعد بڑے پیمانے پر عوامی فرائض سے دستبردار ہونا پڑا۔ پچھلے مہینے انہوں نے پرنس آف ویلز کے ساتھ ساؤتھ پورٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جولائی میں چاقو کے حملے میں ہلاک ہونے والے تین بچوں کے سوگوار خاندانوں کے ساتھ ایک نجی ملاقات کی، جو کیموتھراپی کا علاج مکمل کرنے کے بعد ان کی پہلی سرکاری عوامی مصروفیت تھی۔ اس وقت شاہی ذرائع نے بتایا کہ انہوں نے پرنس ولیم کے ساتھ شامل ہونے کا فیصلہ کیا تاکہ مقامی کمیونٹی کے ساتھ ان کی حمایت اور ہمدردی کا اظہار کیا جا سکے۔ 29 جولائی 2024 کو بچوں کے ڈانس گروپ میں ہونے والے حملے میں 6 سالہ بیبی کنگ، 7 سالہ ایلسی ڈاٹ اسٹین کامبی اور 9 سالہ ایلس ڈیسلوا اگویئر ہلاک ہو گئے تھے۔ شاہی جوڑے نے ہنگامی جواب دہندگان کے اہل خانہ کا شکریہ ادا کرنے سے پہلے تینوں بچوں کے اہل خانہ سے بات کی۔اس مہینے کے شروع میں 42 سالہ شہزادی نے لندن میں یادگاری تقریبات میں بادشاہ اور شاہی خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ شمولیت اختیار کی۔کیرول سروس کو رائل فاؤنڈیشن کی مدد حاصل ہے، یہ خیراتی ادارہ، جو شہزادے اور شہزادی کے کام کو سپورٹ کرتا ہے۔ اس میں شاہی خاندان کے ارکان کے ساتھ تقریباً 1600 مدعو مہمان شرکت کریں گے، ان میں سے وہ لوگ بھی شامل ہیں، جنہوں نے اپنے کام کے ذریعے یا رضاکارانہ طور پر دوسروں کی مدد کے لئے کام کیا ہے۔ اعزاز پانے والوں کو شاہی خاندان سے وابستہ خیراتی اداروں یا لارڈ لیفٹیننٹ کے ذریعے نامزد کیا گیا ہے، جو ملک بھر کی کاؤنٹیوں میں بادشاہ کی نمائندگی کرتے ہیں۔ اس پروگرام میں ستاروں کی موسیقی کی پرفارمنس بھی سنی جائے گی جو کہ ITV1 پر کرسمس کے موقع پر ایک خصوصی پروگرام کے حصے کے طور پر نشر کی جائےگی۔ کرسمس کی 15 سروسز پورے ملک بشمول ٹرورو میں رائل کارن وال ہسپتال اور بلیک پول ٹاور سرکس پرہوں گی۔ کنسنگٹن پیلس نے کہا کہ یہ سروس محبت اور ہمدردی کی اہمیت پر غور کرنے کے لئے ایک لمحہ فراہم کرے گی کہ ہمیں خاص طور پر اپنی زندگی کے مشکل ترین اوقات میں ایک دوسرے کی کتنی ضرورت ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ شہزادی بہت سے لوگوں کی حو صلہ افزائی چاہتی ہیں جو ضرورت مندوں کی مدد کر رہے ہیں، ایسے افراد، جنہوں نے حوصلہ افزائی کی ہے، مشورہ دیا ہے، تسلی دی ہے اور سب سے بڑھ کر یہ ظاہر کیا ہے کہ محبت سب سے بڑا تحفہ ہے، جسے ہم حاصل کر سکتے ہیں۔

یورپ سے سے مزید