گریٹر مانچسٹر/ بولٹن( ابرار حسین ) مانچسٹر کونسل نے ’’مانچسٹر کلچر ایوارڈز‘‘ کا اعلان کیا ہے جو اس ہفتے کے آخر میں منعقد ہوں گے۔ ایوارڈ کو سب سے پہلے 2018میں کونسل نے ثقافت اور فنون کے شعبوں میں شہر کی بڑھتی ہوئی ساکھ کو تسلیم کرنے کے لیے جاری کیا تھا۔ یہ سالانہ ایوارڈز پورے مانچسٹر میں ثقافت، تخلیقی صلاحیتوں اور فنون میں نمایاں کامیابیوں کا جشن ہے جس میں نچلی سطح کی تنظیموں سے لے کر نمایاں اداروں تک کے اقدامات شامل ہیں۔ ایوارڈز ان افراد کو جو کسی خاص واقعات میں شامل ہوں یا ایسی تنظیموں کو اعزاز کے طور پر دیئے جاتے ہیں جو مانچسٹر کے متحرک ثقافتی منظر نامے میں اجتماعی طور پر حصہ ڈالتے ہیں۔ عوام، فنون لطیفہ کے ماہرین اور رضاکارانہ سماجی شعبوں کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ ثقافتی شعبے میں دلچسپی رکھنے والوں سے نامزدگیوں کی درخواست کی جاتی ہے،نامزدگیوں میں اپریل 2023اور مارچ 2024کے درمیان کی گئی سرگرمیوں سے متعلق ہونا ضروری ہے تمام نامزدگیوں کا مانچسٹر میں مقیم اور مقامی آبادی کو فائدہ پہنچانے والی موثر سرگرمیاں فراہم کرنے سمیت شہر کی معیشت میں مثبت کردار ادا کرنے کا ریکارڈ ہونا ضروری ہے۔ ایوارڈز کے زمرے میں بہترین تقریب، بہترین کارکردگی، بہترین نمائش اور سال کا نوجوان جس نےتخلیقی سر گرمیوں میں حصہ لیا ہو اضافی زمرے میں آتے ہیں جو صحت اور بہبود، ماحولیاتی خدشات، اور سماجی انصاف جیسے اہم سماجی موضوعات پر توجہ دیتے ہیں۔ نامزدگیوں کیلئے ججز کو ایوارڈ کے تمام زمروں میں فائنلسٹ اور جیتنے والوں کا تعین کرنےکیلئے سیکڑوں گذارشات کا جائزہ لینے میں مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔ اس سال مانچسٹر پیپلز کلچر ایوارڈ کیلئے بھی نامزدگیاں قبول کی گئیں، یہ خصوصی ایوارڈ ایک ایسے فرد یا تنظیم کو پیش کیا جانا ہے جس کی مانچسٹر کے ثقافتی منظر نامے کیلئے دیرینہ لگن کو تسلیم کیا جاتا ہے۔ اس ایوارڈ کے وصول کنندہ کا انتخاب عوامی ووٹنگ کے ذریعے کیا جانا ہےاور اس کا اعلان آئندہ ایوارڈز کی تقریب میں کیا جائے گا۔ اہم ایوارڈ کیٹیگریز کے علاوہ ججز کے پاس یہ اختیار ہے کہ وہ ایسے افراد کو خصوصی شناختی ایوارڈ پیش کریں جنہوں نے شہر کی ثقافتی قوت کو نمایاں طور پر بڑھایا ہے۔ اس سال کی تقریب میں دو خصوصی ریکگنیشن ایوارڈز پیش کئے جائیں گے، ماضی کے وصول کنندگان بشمول ممتاز شخصیات جیسے کہ شاعر Lemn Sissay OBE، سابق ہالے میوزک ڈائریکٹر سر مارک ایلڈر، شاعر اور پرفارمنس آرٹسٹ SuAndi OBE، اور HOME کے سابق ڈائریکٹر، Dave Moutrey OBE شامل ہیں۔ مانچسٹر سٹی کونسل کے ڈپٹی لیڈر کونسلر گیری برجز نے کہا ہے کہ اس سال ایک بار پھر یہ ثابت ہوا کہ مانچسٹر ثقافتی ترقی کیلئے غیر معمولی کام کرتا ہے، انہوں نے کہا مانچسٹر ایک ایسا شہر ہے جو ثقافت اور فنون کو اپنی شناخت کے لازمی اجزا کے طور پر اہمیت دیتا ہے اورمانچسٹر کو منفرد بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ہم اس سال کے مانچسٹر کلچر ایوارڈ کے فاتحین کے اعلان کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں۔