ریاض (شاہدنعیم) سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی زیر سرپرستی 25سے 27نومبرکے دوران ریاض میں 28ویں سالانہ عالمی سرمایہ کاری کانفرنس ’ڈبلیو آئی سی‘ کا انعقاد ہوگا۔ یہ کانفرنس ورلڈ ایسوسی ایشن آف انویسٹمنٹ پروموشن ایجنسیز(WAIPA) کےتعاون اور شراکت سے منعقد کی جارہی ہے، کانفرنس میں سرمایہ کاری کے مواقع کو وسعت دے کر ڈیجیٹل تبدیلی اور پائیدار ترقی کو بروئے کار لانے پرتوجہ مرکوز کی جائے گی۔ کانفرنس میں حکومت اور نجی شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز عالمی شخصیات، بڑے سرمایہ کار، بین الاقوامی تنظیموں اور اداروں کے نمائندے اور عالمی سرمایہ کاری کو متنوع بنانے سے متعلق شعبے کےماہرین شرکت کریں گے۔