اسلام آباد (مہتاب حیدر) پاکستان اور بیلاروس آج مختلف شعبوں کے لیے مفاہمت کی سولہ یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کریں گے۔منی لانڈرنگ سے متعلق مالیاتی انٹیلی جنس کے تبادلے میں تعاون سے متعلق مفاہمت نامے پر دستخط کئے جائیں گے ، فنانشل مانیٹرنگ یونٹ اور بیلاروس کے فنانشل انٹیلی جنس یونٹ کے درمیان منی لانڈرنگ سے متعلق مالیاتی انٹیلی جنس کے تبادلے میں تعاون سے متعلق مفاہمت نامے پر دستخط ہوں گے۔ دونوں فریق جمہوریہ بیلاروس کی اسٹیٹ کسٹمز کمیٹی اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے کسٹمز ونگ کے درمیان باہمی تجارت کے کسٹمز کے اعداد و شمار کے ڈیٹا کے تبادلے میں تعاون پر مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کریں گے۔ تعلیمی ادارے ریپبلکن انسٹی ٹیوٹ فار ووکیشنل ایجوکیشن: (ریپبلک آف بیلاروس) اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل کمیشن (اسلامک ریپبلک آف پاکستان) کے درمیان پیشہ وارانہ تعلیم کے شعبے میں تعاون پر ای او یو، حکومت پاکستان اور بیلاروس کی حکومت کے درمیان ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبے میں تعاون پر ایم او یو پر دستخط کئے جائیں گے۔ بیلاروس کی نیشنل اکیڈمی آف سائنسز اور پاکستان اکیڈمی آف سائنسز کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کے حوالے سے معاہدہ طے پا جائے گا۔