• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ کی خدمت پیپلز پارٹی نے کی ہے، وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ

جامشورو، میرپور خاص(نامہ نگاران ) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کی خدمت پیپلزپارٹی نے کی ہے، 15برسوں میں عوام نے پہلے سے زیادہ پی پی کو ووٹ دیئے، بلاول بھٹو کی قیادت نے پاکستانی سیاست کو نئی توانائی دی، جبکہ وزیر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ بھٹو خاندان نے جمہوریت کیلئے اپنے لہو کے نذرانے پیش کیے، آج پیپلز پارٹی عوام میں ایک مقبول جماعت ہے، بلاول بھٹو کی قیادت میں سندھ ترقی کی جانب گامزن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامشورو اور میرپور خاص میں پیپلزپارٹی کے 57ویں یوم تاسیس کے موقع جلسے عام سے الگ الگ خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جامشورو میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ شہید بھٹو نے ملک کو پہلا آئین، ایٹمی پروگرام دیا، معیشت کی کایا پلٹنے والے ادارے بنائے، سیاست کو اشرافیہ سے نکال کر پسے ہوئے طبقوں کو ایوانوں میں پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سیاست آج بھی محترمہ کے سیاسی فلسفے کے گرد گھومتی ہے، بینظیر بھٹو کی شہادت پر صدر زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر ملک بچایا۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے 30 نومبر 1967 پر پارٹی کا بنیاد رکھا،شہید بھٹو نے روٹی ، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگایا، شہید بھٹو نے اس وقت کے دو آمروں کا مقابلہ کرکے ملک میں جمہوریت قائم کی۔ میرپور خاص میں یوم تاسیس پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بھٹو خاندان نے جمہوریت کیلئے اپنے لہو کے نذرانے پیش کیے، آج پیپلز پارٹی عوام میں ایک مقبول جماعت ہے، بلاول بھٹو کی قیادت میں سندھ ترقی کی جانب گامزن ہے۔ شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو بی شہید بے نظیر بھٹو نے جو وعدہ عوام سے کیا وہ وعدہ پورا کیا، پیپلز پارٹی نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا بی بی شہید نے ملک کو میزائیل ٹیکنالوجی دی، خواتین کو با اختیار بنایا ہر طبقے کی عوام کی جنگ لڑی۔ شرجیل انعام میمن کا مزید کہنا تھا کہ صدر زرداری نے پاکستان کو سی پیک جیسا منصوبہ دیا تھر کول پاور پلانٹ اور 18 وین منظور کرا کر صوبوں کو خودمختار بنایا صدر آصف علی زرداری پیپلز پارٹی کے قائدین کے مشن کو آگے چلاتے ہوئے عوام کی خوشحالی اور ملک کی خوشحالی کی جہدوجہد میں مصروف عمل ہے۔

اہم خبریں سے مزید