• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی اے کا وی پی این بند کرنے کیلئے 30 نومبر کی ڈیڈلائن پر عمل نہ کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد( نمائندہ جنگ)پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیر رجسٹرڈ ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکس (VPNs) کو بند کرنے کے لیے 30 نومبر 2024 کی ڈیڈ لائن پر عمل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے وی پی اینز کی رجسٹریشن کی مدت میں توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔اس سے قبل وزارت داخلہ نے 30 نومبر 2024 کی آخری تاریخ مقرر کی تھی تاکہ تمام غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کو بند کیا جا سکے۔ تاہم وی پی این کے بغیر ملک میں X کو چلانا ممکن نہیں ہے۔ حالیہ دنوں میں کچھ علاقوں میں وی پی این کے بغیر واٹس ایپ کے استعمال میں بھی رکاوٹیں دیکھی گئی ہیں۔ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے استعمال میں خلل اور انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی کا معیشت اور ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے تاثر پر گہرا اثر پڑے گا۔پہلے 30 نومبر کی آخری تاریخ غیر رجسٹرڈ وی پی اینز بند کرنے کے لیے مقرر کی گئی تھی، لیکن اب حکومت نے اس میں توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم، یہ واضح نہیں ہے کہ یہ مدت کتنی دیر کے لیے بڑھائی جائے گی۔پی ٹی اے اب تک 27,000 سے زیادہ وی پی این رجسٹر کر چکا ہے۔ ہفتے کی رات پی ٹی اے نے اس معاملے پر کوئی سرکاری بیان جاری نہ کرنے کو ترجیح دی۔ تاہم، پی ٹی اے کے چیئرمین میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمن نے بعض میڈیا اداروں سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ حکومت نے مقررہ مدت میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے، اور وی پی اینز کو بند نہیں کیا جائے گا۔پی ٹی اے کے چیئرمین نے گزشتہ ہفتے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی کو بتایا تھا کہ تمام غیر رجسٹرڈ وی پی اینز 30 نومبر کی ڈیڈ لائن کے بعد بند ہو جائیں گے، لیکن اب اس میں توسیع کر دی جائے گی۔
اہم خبریں سے مزید