پیرس(رضا چوہدری ) کشمیر انٹرنیشنل پیس فورم یورپ کا ایک وفد جلد امریکی نو منتخب صدر ڈونلڈٹرمپ سے ملاقات کرکے نہ صرف حقائق سے آگاہ کرے گا بلکہ ان سے التجا کرے گا کہ وہ اپنے ماضی کے وعدہ کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کےلئے اپنا کردار ادا کریں جس طرح وہ دنیا میں امن امان کے خواہاں ہیں۔ کشمیر انٹرنیشنل پیس فورم یورپ کے چیئرمین زاہد اقبال ہاشمی نے روزنامہ جنگ سے گفتگو کہا کہ مقبوضہ کشمیر کو دس لاکھ سے زیادہ انڈین مسلح افواج نے جیل بنا رکھا ہے مگر اقوام عالم مکمل خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ، زاہد اقبال ہاشمی نے کہا کہ دنیا کو بتانا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں تعینات دس لاکھ سے زائد بھارتی فوجی اہلکاروں نے وہاں ظلم کی انتہا کردی ہے۔ کشمیریوں کا جرم یہ ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی حق خود ارادیت کی قرارداد پر عمل درآمد کا مطالبےکررہے ہیں جس کی پاداش میں کشمیریوں کی زندگی جہنم بنا دی ہے، بھارتی جبر و استبداد کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنی منصفانہ تحریک کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانےکےلئے پُرعزم ہیں انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک متنازع علاقہ ہے جس کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے تحت استصواب رائے کے ذریعے کرنا ہے، بھارت نے اقوام متحدہ کے فورم پر کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن اس نے آج تک اس وعدے کو پورا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنی قربانیوں سے ایک نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں اور وہ کسی کو ان عظیم قربانیوں کے ساتھ کھلواڑ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔