لندن (جنگ نیوز) لندن کی سماجی شخصیت شیخ سربلند نے تقریباً ساڑھے چار برس بعد یورپ میں قومی ائر لائن کی پروازوں پر عائد پابندی ختم ہونے کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب پاکستانی باآسانی براہ راست پروازوں سے اپنے وطن جاسکیں گے۔ پہلے زائد رقم خرچ کرنے کے علاوہ طویل پروازوں کے سبب ان کا وقت بھی ضائع ہوتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ یورپی ملکوں کے بعد برطانیہ سے بھی جلد پروازیں شروع ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی حکومت میں ایک وزیر کے بیان کے سبب یہ پابندی لگی تھی جس سے ملک کو اربوں روپیہ کا نقصان ہوا۔ اس بات کی تحقیق بھی ضروری ہے کہ اس وزیر کے بیان میں کتنی صداقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ پی آئی اے اپنے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور تمام خامیوں کو دور کررہی ہے اور ایک مرتبہ یہ ایک عظیم ائر لائن بنے گی۔