نیویارک( نیوز ڈیسک)دنیا بھر میں گزشتہ 1 سال میں آگ کی وجہ سے ہونے والی فضائی آلودگی 15 لاکھ سے زائد اموات کا سبب بنی ہے، جن میں سے بیشتر ترقی پزیر ممالک میں ہوئی ہیں۔جریدے دی لانسیٹ کی رپورٹ کے مطابق حال ہی میں شائع ہونے والی نئی تحقیق کے مطابق آنے والے برسوں میں اموات کی یہ تعداد بڑھنے کی توقع ہے کیونکہ موسمیاتی تبدیلی جنگل میں آگ لگنے کے واقعات میں شدت کا سبب بن رہی ہے۔رپورٹ کے مطابق 90 فیصد سے زیادہ اموات کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک میں ہوئیں، جن میں تقریباً 40 فیصد صرف صحارا افریقا میں ہوئیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سب سے زیادہ اموات والے ممالک میں چین، عوامی جمہوریہ کانگو، بھارت، انڈونیشیا اور نائیجیریا شامل ہیں۔تحقیق میں شمالی بھارت میں کھیتوں کو غیر قانونی طور پر جلانے کی ریکارڈ مقدار کو جزوی طور پر زہریلی اسموگ کا ذمے دار ٹھہرایا گیا ہے جس نے حال میں دارالحکومت نئی دہلی کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے۔محققین نے زمین پر لگنے والی آگ سے ہونے والی اموات کی بڑی تعداد سے نمٹنے کے لیے ’فوری کارروائی‘ کا مطالبہ کیا ہے۔