راولپنڈی‘ اسلام آباد (سٹاف رپورٹر‘ خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں سرقہ باالجبر‘ چوری‘ قفل شکنی اور راہزنی کی وارداتوں میں شہری 11موٹر سائیکلوں‘ طلائی زیورات‘ موبائل فونز‘ نقدی اور دیگر اشیاء سے محروم ہو گئے۔ 8افراد سے جھپٹا مار کر اُنکے موبائل اور نقدی چھین لی گئی۔ تھانہ نصیر آباد کے علاقہ ڈھوک گجراں میں رکشہ ڈرائیور اسلحہ کی نوک پر لٹ گیا‘ ثوبیہ نذیر سے موبائل اور45ہزار روپے‘ تھانہ ائرپورٹ ولایت کالونی میں 3نامعلوم موٹر سائیکل سوار شہری سے 2موبائل فون‘ تھانہ ٹیکسلا کشمیر کالونی میں 2نامعلوم ملزمان عزیر خالد سے اسلحہ کی نوک پر موبائل اور 4ہزار‘ تھانہ واہ کینٹ کے علاقہ بجاڑ میں 3نامعلوم مسلح ملزمان فیضان حسین سے موبائل‘ احد سے اپلائیڈ فار موٹر سائیکل‘ لیاقت سے 400روپے اور ناصر سے موبائل اور 15سو روپے‘ تھانہ صدر بیرونی کے علاقہ ہل ویو کالونی میں محمد عمر اسامہ انعام کے گھر سے چار مسلح ملزمان 6لاکھ روپے اور 8 تولے طلائی زیورات‘ تھانہ روات جھمٹ مغل میں حسیب احمد کے گھر سے 3نامعلوم ملزمان اسلحہ کی نوک پر 250یورو‘ پانچ تولے سونا اور 50ہزار روپے چھین کر لے گئے۔ کرنل یوسف کالونی میں شہاب الدین کے گھر کے تالے توڑ کر 30ہزار روپے‘ موبائل‘ ایل سی ڈی‘ طلائی انگوٹھی اور کانٹے مالیتی 60ہزار‘ خرم کالونی میں شبیر حسین کے گھر سے 12لاکھ روپے‘ پونچھ ہاؤس میں ٹائر‘ ٹیوٹا کراؤن کے رم اور پانی کی ٹینکی مالیتی ایک لاکھ‘ دو ہزار روپے‘ نیو چاکرہ رحمت ٹاؤن میں فیروز امین لودھی کے گھر کے تالے توڑ کر 5ہزار روپے اور ٹولز، تالے وغیرہ مالیتی 20ہزار روپے‘ لوسر شرفو میں امداد حسین شاہ کے گھر سے 17لاکھ روپے‘ غریبا میں چترال کالونی کا ٹرانسفارمر 200کے وی کی کوائل مالیتی 15لاکھ‘ نیو گدوال میں نویدہ پروین کے گھر کے گیٹ کا تالا توڑ کر سونا مالیتی 10لاکھ‘ کپڑے مالیتی 50ہزار اور 2لیپ ٹاپ چوری کر لئے گئے۔ وفاقی دارالحکومت میں ایک کار‘ تین موٹر سائیکلوں کی چوری سمیت صرف 7مقدمات درج کئے گئے۔ تھانہ سمبل اور کراچی کمپنی کے علاقے میں دو گھروں کے تالے ٹوٹ گئے جبکہ تھانہ انڈسٹریل ایریا میں موبائل فون اور نقدی چھینے کا مقدمہ درج ہوا۔ کار چوری کا مقدمہ تھانہ ہمک میں‘ موٹر سائیکل چوری کے مقدمات تھانہ سیکرٹریٹ‘ تھانہ کراچی کمپنی اور تھانہ کورال میں درج کروائے گئے۔ راولپنڈی پولیس نے 6 ملزموں کو گرفتار کرکے شراب،اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کرلیا۔ اسلحہ سمگلر کوگرفتار کرکے 6 پسٹل معہ ایمونیشن برآمد کرلئے گئے۔ راولپنڈی پولیس نے سرچ آپریشنز کے دوران کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے11 ملزموں کو گرفتار کرلیا۔ راولپنڈی پولیس نے 4 ملزموں کو گرفتار کرکے ساڑھے 5 کلو سے زیادہ چرس برآمد کرلی۔