• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ نے غزہ کی پٹی کیلئے مزید 19 ملین پاؤنڈ امداد کی منظوری دیدی

لندن (پی اے) برطانیہ نے غزہ کی پٹی کیلئے مزید 19 ملین پاؤنڈ امداد کی منظوری دیدی ہے جبکہ ایک وزیر نے غزہ کی صورتحال کو اندوہناک قرار دیا ہے۔ ڈیولپمنٹ سے متعلق امور کی وزیر اینیلیز ڈوڈز قاہرہ میں ہیومنٹیرین کانفرنس میں شرکت کیلئے مشرق وسطیٰ کے 3 روزہ دورے کے دوران مقبوضہ فلسطین اور اسرائیل بھی جائیں گی۔ غزہ کیلئے برطانیہ کی جانب سے امداد کے نئے اعلان کے بعد مقبوضہ فلسطین کیلئے برطانوی امداد کی مجموعی مالیت 99 ملین پاؤنڈ ہوجائے گی، جس میں اقوام متحدہ کے ہیومنٹیرین امور کے رابطہ دفتر اور عالمی خوراک پروگرام کیلئے دی گئی 12 ملین پاؤنڈ کی امداد شامل ہوگی۔ توقع ہے کہ مقبوضہ فلسطین کے دورے میں ڈوڈز اسرائیل جانے سے پہلے فلسطین کے وزیراعظم محمد مصطفیٰ سے بھی ملاقات کریں گی اور پناہ گزینوں کے ایک کیمپ کا بھی دورہ کریں گی۔ اسرائیل میں وہ حکام سے امداد غزہ تک پہنچنے کو یقینی بنانے کیلئے بات چیت کریں گی۔ توقع ہے کہ وہ برطانوی فیملی اور یرغمال بنائے گئے برطانوی لوگوں کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کریں گی۔ مس ڈوڈز کا کہنا ہے کہ غزہ کی صورت حال ہولناک ہے اور غزہ کے شہری انتہائی مایوسی کے عالم میں زندگی گزار رہے ہیں اور اب جبکہ سردیاں شروع ہوچکی ہیں، انھیں خوراک اور شیلٹر کی شدید ضرورت ہے۔ قاہرہ کی کانفرنس میں ایک جگہ متحد ہو کر آواز اٹھانے اور ہیومنٹرین بحران کے حل کیلئے قابل عمل تجویز پیش کرنے کا موقع ملے گا۔ انھوں نے کہا کہ اسرائیل غزہ تک بلاروک ٹوک امداد پہنچانے کو یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات کرے۔

یورپ سے سے مزید